صنعتوں کوہنرمند وں کی فراہمی کیلئے جدیدفنی تعلیم کافروغ اولین ترجیح ہے ،عبدالکریم
پشاور(آن لائن) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے صنعت عبدالکریم خان نے کہاہے کہ صنعتکار صنعتی بستیوں میں مقامی آبادی کے لئے صحت وتعلیم کے سہولیات کی فراہمی کویقینی بنانے اور صنعتوں میں روزگار کی غرض سے مقامی افراد کو ترجیح دیں جبکہ صنعتی بستیوں میں ماحولیاتی آلودگی کے بچاؤ کے لئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آج اپنے دفتر میں خطار ہر ی پور کے ایک وفد سے بات چیت کے دوران کیا ۔جس نے معاون خصوصی سے ملاقات کی۔ وفدکی قیادت سابق رکن صوبائی اسمبلی سید بیدار شاہ کررہے تھے جبکہ دیگر لوگوں میں حطار VI کے ناظم ملک محمد عاصم خان،نائب ناظم ملک عبدالقیوم، جنرل کونسلر حطارملک شفقت زمان اوردیگر عہدیداران شامل تھے۔ وفد نے معاون خصوصی کوحطار میں سیمنٹ فیکٹریوں سے پیداہونے والے گردوغبار ،ماحولیاتی آلودگی ،صحت وتعلیم کی فراہمی اورصنعتوں میں مقامی افراد کی بھرتی کے مسائل سمیت دیگر درپیش مسائل سے آگاہ کیا اور ان سے اس ضمن میں مدد چاہی۔
ملاقات کے دوران معاون خصوصی نے وفد کو یقین دلایا کہ حکومت حطار انڈسڑیل اسٹیٹ کے مقامی آبادی کو درپیش مسائل کے مؤثر حل کیلئے بھر پور کوشش کرے گی اور صنعتوں میں مقامی آبادی کو روزگار کی فراہمی کے لئے صنعتکاروں سے بات چیت کی جائے گی اور حکومتی پالیسی کے پیش نظر تمام صنعتی بستیوں میں فنی تعلیم کے مراکز کاقیام عمل میں لایا جارہا ہے اور صنعتوں کو مقامی سطح پر تربیت یافتہ افراد میسر آسکیں گے جس سے بے روزگاری پر خاطر خواہ قابوپایا جاسکے گا۔اس موقع پر وفد نے اپنے مسائل کے حل میں گہری دلچسپی لینے پر معاون خصوصی کا شکریہ اداکیا۔