پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال اور اپوزیشن جماعتوں کی منفی سیاست
مکرمی !بالآخر پی آئی اے کی پانچ روزہ ہڑتال کے بعد جزوی بحالی ممکن ہوسکی۔ یہ بات سمجھ سے بالاتر ہے کہ پی آئی اے کی نج کاری سے ہونے والے فوائد اور اس کے قرضوں سے ہونے والے نقصانات کو اپوزیشن جماعتیں قومی مفاد کے ترازو میں رکھ کر کیوں نہیں تو لتیں۔نج کاری کے طریقہ کار پر بحث ہوسکتی ہے اُسے مزید شفاف بنانے پر احتجاج ہوسکتا ہے لیکن اِس سفید ہاتھی کا قرض بڑھتا جارہا ہے اور قومی خزانہ اس کا بوجھ اُٹھانے کی سکت نہیں رکھتا۔کیا پرائیوٹائزکرنے سے اس میں بہتری نہیں آئے گی؟ اگر آئے گی تو اپوزیشن صرف ووٹوں کے لالچ میں قومی مفاد کو داؤ پر لگانے کو تیار ہے۔ سیاست میں اب سنجیدگی آجانی چاہیے۔ اصولوں پر مبنی سیاست ملک اور جمہوریت کے لئے فائدہ مند ہے۔ پی ٹی آئی کے انتخابی منشور میں پی آئی اے کو پرائیوٹائز کرنے کا لکھا تھا۔ آج وہ دوسری طرف کھڑے ہیں۔ جماعت اسلامی کی بے جا ہمدردی سمجھ سے با ہر ہے۔ PPP تو چلیں PIAکی بربادی کی ذمہ دار ہے اور زائد بھرتیکی ایک وجہ بھی ۔ بہرحال ۔ قومی مفاد کے سامنے ہر چیز ہیچ ہے۔