ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس کی پیشہ ورانہ تربیت کا آغاز

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس کی پیشہ ورانہ تربیت کا آغاز

  

لاہور( جنرل رپورٹر) پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے نئے بھرتی شدہ ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن اسسٹنٹس کی 4روزہ پیشہ ورانہ تربیت ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میں شروع ہو گئی ہے ۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ما نیٹرنگ ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتمام ورکشاپ میں 36اضلاع سے 104مانیٹرنگ اسسٹنٹس شرکت کر رہے ہیں۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چےئرمین پیف قمرالاسلام راجہ نے کہا کہ ضلعی سطح پر مانیٹرنگ نظام سے شفافیت کے اعلیٰ معیار کو بر قرار رکھنے میں مدد ملے گی۔پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کا فروغ تعلیم میں کردار بہت تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ یہ فاؤنڈیشن اپنی اعلیٰ کار کردگی کی بدولت اندرون و بیرون ملک کامیابی کا نمایاں نشان بن چکی ہے اور آئندہ سالوں میں پارٹنر سکولوں و طالب علموں کی تعداد میں مزید اضافہ ہوگا۔اس بڑھتے کردار کے پیش نظر ضلعی سطح پر مانیٹرنگ کا منظم نظام قائم کر دیا گیا ہے ۔

تا کہ کوالٹی ایجوکیشن ، میرٹ اور شفافیت کے اعلیٰ معیار میں کمی نہ آنے پائے۔انہوں نے کہا کہ پنجا ب ایجوکیشن فاؤنڈیشن نے بے وسیلہ بچوں کو تعلیم کے ذریعے محرومیوں سے نکال کر آگے بڑھنے کی امنگ دی ہے۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سے بے وسیلہ لڑکیوں کو خصوصاًفائدہ ہوا ہے۔ پیف کا سکول نزدیک بھی ہے اور یہاں موافق ماحول میں مفت و معیاری تعلیم بھی میسر ہے ۔ یہ ایک عظیم سماجی تبدیلی ہے جس کے اثرات سے پورا صوبہ فائدہ اٹھائے گا۔ اس طرح پاکستان کا سافٹ امیج بھی پروان چڑھا ہے۔انہوں نے مانیٹرنگ اسسٹنٹس کو تعلیمی جدوجہد کی کلید قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی اعلیٰ کارکردگی سے پیف کی تعلیمی کاوشوں کو مزید آگے لے کر جائیں ۔ایم ڈی طارق محمود نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن سماجی و معاشی وسائل سے محروم بچوں کے تابناک مستقبل کی امین ہے اور ضلعی سطح پر فیلڈ فورس سے شفافیت وفعالیت کے اعلیٰ معیار کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔اس حوالے سے بھٹہ مزدوروں کے بچوں کی تعلیم کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیف کے با کفایت تعلیمی ماڈل کو دیکھتے ہوئے نئے تعلیمی ادارے اس فاؤنڈیشن کے توسط سے کھولے جارہے ہیں۔ اس طرح ضرورت مند بچوں کو ان گھر کے نزدیک تعلیم میسر آئی ہے۔تقریب سے پروگرام ڈائریکٹرز شفیق احمد اور ثمینہ نواز نے بھی خطاب کیا۔دریں اثناء پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے فاؤنڈیشن ایسسٹڈ سکول پروگرام کے فیز 10کا ابتدائی کوالٹی ایشورنس ٹیسٹ آج صوبے کے 35اضلاع میں منعقد ہوا۔ امتحان میں633سکولوں کے ساڑھے23ہزار طالب علموں نے حصہ لیا ۔ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی شفافیت کو برقرار رکھنے کی غرض سے یہ ٹیسٹ مسلمہ طور پر آزاد تھرڈ پارٹی کے توسط سے منعقد کیا جاتا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -