عدالت نے مخصوص نشستوں پرالیکشن روکنے کے حوالے سے دائرمتفرق درخواستیں نمٹادیں

عدالت نے مخصوص نشستوں پرالیکشن روکنے کے حوالے سے دائرمتفرق درخواستیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے ضلع کونسلزکی مخصوص نشستوں پر الیکشن ملتوی ہونے کے بعدسیاسی جماعتوں کی طرف سے دائرعبوری حکم امتناعی جاری کرنے کی متفرق درخواستیں نمٹادیں جبکہ ضلع کونسلز کی تشکیل کے لئے خفیہ رائے شماری ختم کرنے اور مخصوص نشستوں میں اضافہ کے خلاف دائر درخواستوں کی سماعت 3 مارچ کو ہوگی۔ جسٹس شاہد وحید نے تحریک انصاف ، پی پی پی ، عوامی تحریک ،مسلم لیگ ق سمیت 8درخواست گزاروں کی جانب سے ضلع کونسلزکے انتخابات لوکل گورنمنٹ ترمیمی آرڈیننس 2016ء کے تحت کروانے سے روکنے کے لئے دائرمتفرق درخواستوں کی سماعت کی۔درخواست گزاوں کے وکلاء نے موقف اختیار کیا کہ ضلع کونسلزکی تشکیل کے لئے قوانین کے تحت خفیہ رائے شماری کرانا لازم ہے مگرلوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم کرکے شوآف ہینڈ زکے ذریعے انتخاب کروائے جارہے ہیں ۔یہ ترمیم کرکے حکومت من پسندامیدواروں کوجتواناچاہتی ہے جوغیرقانونی ہے۔ چیئرمین ضلع کونسل اوروائس چیئرمین کے انتخاب کے لئے خفیہ رائے شماری نہ کراناآئین کے منافی ہے۔ درخواست گزاروں نے الیکشن روکنے کے لئے حکم امتناعی جاری کرنے کی بھی استدعا کی۔ ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل عارف راجہ ،، شان گل اور سید نیئر عباس رضوی اورالیکشن کمیشن کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے ضلع کونسلز کی مخصوص نشستوں پر ہونے والے انتخابات غیرمعینہ مدت کے لئے ملتوی کردیئے ہیں اس لئے انتخابات روکنے کے حوالے سے دائرمتفرق درخواستیں غیر موثر ہوچکی ہیں۔ عدالت نے مخصوص نشتوں پرالیکشن روکنے کے حوالے سے دائرمتفرق درخواستیں نمٹادیں تاہم مخصوص نشستوں میں اضافہ اورشو آف ہینڈز کے ذریعے انتخابات کروانے کی ترمیمی دفعات کے خلاف کیس میں وکلاء کو 3مارچ کو بحث کے لئے طلب کرلیاہے۔

مزید :

علاقائی -