توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی جیل خانہ جات سے 25 فروری کو جواب طلب

توہین عدالت کی درخواست پر آئی جی جیل خانہ جات سے 25 فروری کو جواب طلب

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائیکورٹ نے توہین عدالت کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیرسے 25 فروری کو جواب طلب کرلیا۔ جسٹس عابد عزیز شیخ کی عدالت میں جیل وارڈرمحمد فدا کی درخواست پرسماعت ہوئی۔ درخواست گزارکے وکیل محمد یوسف جاوید نے موقف اختیارکیا کہ درخواست گزارفیصل آباد جیل میں بطوروارڈر تعینات ہے۔ آئی جی جیل خانہ کی ہدایات کی روشنی میں جیل اہلکاروں کے تبادلہ پر سنیارٹی ازسرنو مرتب کرنے کی پالیسی اختیارکی گئی ہے جو آئین سے متصادم ہے۔ درخواست گزارکے تبادلے کے بعد اس کی سابقہ سنیارٹی کو نظراندازکرکے سنیارٹی ازسرنو مرتب کی گئی جس پر درخواست گزارنے لاہورہائیکورٹ سے رجوع کیا۔ عدالت نے 23نومبر 2015ء کو درخواست نمٹاتے ہوئے آئی جی جیل خانہ کو حکم دیا کہ وہ درخواست گزارکا موقف سن کر 60روز میں فیصلہ کرے۔ درخواست گزارکے وکیل کا کہناتھا کہ عدالتی حکم کے باوجود آئی جی جیل خانہ جات نے درخواست گزارکو سن کر فیصلہ نہیں کیا۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ حکم عدولی پر آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی جائے۔

مزید :

علاقائی -