غیرمعیاری ادویات فروخت کرنے پرحافظ فارمیسی کے مالک کو چار سال قید
لاہور(نامہ نگار )چیئرمین ڈرگ کورٹ محمد جہانگیر احمد نے غیرمعیاری ادویات فروخت کرنے پر حافظ فارمیسی قصور کے مالک محمد سعید کوچار سال قید اور ایک لاکھ پندرہ ہزارروپے جرمانے کی سزا سنا دی۔محمد سعید کے خلاف ڈرگ پولیس نے چالان پیش کررکھا تھا۔ علاوہ ازیں عدالت نے دیگر چالانوں پر بھی اپنا فیصلہ سناتے ہوئے علی کلینک شیخوپورہ کے مالک فلک شیر علی کو ایک سال قید اور چالیس ہزاروپے جرمانہ۔جمال فارمیسی سعید پورہ کو ایک سال قید اور چالیس ہزارروپے جرمانہ۔ جبکہ شفا فارمیسی ماڈل ٹاون کے مالک کو تیس ہزارروپے۔بسمہ اللہ ہیلتھ میڈیکل سٹور جی ٹی روڈ کے مالک کو تیس ہزار، نیازی جنرل میڈیکل سٹور تاج پورہ کو چالیس ہزار، رفیق کلینک آراے بازار کو ایک سال قید اور 40ہزارروپے جرمانے کی سزا سنا دی ہے۔
لاہور( جنرل رپورٹر) جنرل ہسپتال انتظامیہ نے دوران ڈیوٹی وفات پاجانے والے ملازم غلام مرتضی کی بیٹی کو ملازمت اور سرکاری کوارٹر الاٹ کردیا ہے۔اس حوالے سے پرنسپل پی جی ایم آئی و ایل جی ایچ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود نے کہا کہ ہسپتال کے ملازمین ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں جو تمام عمر دکھی انسانیت کی خدمت کے کام میں ادارے کا دست و بازو بنتے ہیں۔اس لیے مرحوم غلام مرتضی کی خدمات کے سلسلے میں اس کے اہل خانہ کو مذکورہ مراعات دی گئی ہیں تاکہ انہیں مالی مشکلات اور سرچھپانے کا مسئلہ پیش نہ ہو۔انہوں نے بتا یا کہ سول سروس رولز 17-A کے تحت دوران ملازمت وفات پا جانے والے ملازمین کے بچوں کو ملازمت فراہم کی جاتی ہے ۔ اور ہم نے الحمد اللہ قوانین کی پاسداری کو روز اول سے یقینی بنایا ہے۔ اور آئندہ بھی ملازمین کی فلاح و بہبود کی بابت دیگر رولز کی بھی پاسداری کی جاتی رہے گی۔