12تھانوں کے ایس ایچ اوز کی تنخواہیں تاحکم ثانی روک دی گئیں
لاہور(نامہ نگار )ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر 12تھانوں کے ایس ایچ اوز کی تنخواہیں تاحکم ثانی روک دیں،عدالت نے سی سی پی او کومذکورہ ایس ایچ اوز کے خلاف کارروائی کا بھی حکم دیاہے۔ عدالت میں قتل اور دیگر سنگین نوعیت کے کیس زیرسماعت ہیں۔ عدالت نے مختلف کیسز میں بارہ ایس ایچ اوز کو ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ عدالت کے احکامات پر عمل درآمد نہ کیا گیا۔ جس کی وجہ سے مقدمات التوا کا شکار تھے۔ عدالت کے بار بار حکم دینے کے باوجود تعمیل نہ کی گئی۔ عدالت نے اپنے حکم سے سی سی پی او امین وینس کو بھی آگاہ کردیا ہے۔ عدالت نے سی سی پی او کے اکاؤنٹینٹ کو بھی حکم کی نقل بھجوا دی ہے۔
جن تھانوں کے ایس ایچ اوز کی تنخواہیں بند کی گئی ہیں اِن میں تھانہ ملت پارک، مزنگ، گجرپورہ، سندر، ڈیفنس اے، نولکھا، فیصل ٹاؤن، برکی، باٹا پور، باغبانپورہ اور رنگ محل شامل ہیں۔