پاک چین اورنج ٹرین منصوبہ ملکی ترقی کا باعث بنے گا،زاہد بخاری

پاک چین اورنج ٹرین منصوبہ ملکی ترقی کا باعث بنے گا،زاہد بخاری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبر نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ تاجر ونگ کے راہنما ناصر سعید سیاسی مشیر وزیراعلیٰ پنجاب و سیکرٹری اطلاعات مسلم لیگ ٹریڈنگ ونگ زاہد بخاری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ پاک چین اورنج ٹرین منصوبہ ملکی ترقی کا باعث بنے گا۔اس منصوبہ کی تکمیل سے لاہور کوٹریفک کی بڑھتی آلودگی سے نجات ملے گی اور تیز رفتار سفر کے باعث وقت کی بھی بچت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا ۔




اور ملکی معیشت ترقی کرے گی۔ناصرسعید نے کہا کہ ہمارے ہمسایہ دوست ملک چین کی طرف اقتصادی راہداری منصوبہ پر اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ اورنج ٹرین منصوبہ پاکستانیوں کیلئے ایک تحفہ سے کم نہیں جس کی تکمیل کے لیے چین اربوں روپے بھی بطور قرض پاکستان کو فراہم کررہا ہے ۔مسلم لیگ ٹریڈنگ ونگ کے سیکرٹری اطلاعات زاہد بخاری نے کہا کہ اورنج لائن ٹرین منصوبہ سے لاہور کی بڑھتی ہوئی ٹریفک کے مسائل حل ہونگے اس منصوبہ پر سیاست چمکانے اور اس کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے ملکی معیشت کے دشمن ہیں ۔اس منصوبہ کی تکمیل سے پاکستان اکیسوی صدی میں داخل ہوجائے گا۔اور اس کا شمار دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی فہرست میں شامل ہونے سے تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کو پی آئی اے کا خسارہ170ارب کا خسارہ تو قبول ہے لیکن انہیں ملکی ترقی کیلئے 170ارب کی اورنج ٹرین منظور نہیں انہوں نے کہا کہ موٹر وے کے خلاف احتجاج کرنے والے اب اورنج ٹرین کے خلاف سیاست کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ اورنج ٹرین منصوبہBOT یعنی(Built-Operate-Transfer) کے اصول پر تیار کیا گیا ہے اور کچھ ہی عرصہ بعد موٹر وے کی طرح یہ ہمارا اثاثہ کہلائے گا۔