شہریوں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی مہم دوسرے روز بھی جاری

شہریوں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی مہم دوسرے روز بھی جاری

  

لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر لاہور طیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اور شہریوں میں ٹریفک قوانین کے بارے میں آگاہی کیلئے جار ی مہم دوسرے روز بھی جاری رہی جو جمعرات تک جاری رہے گی ۔آگاہی مہم کے دوسرے روز 450سے زائد موٹر سائیکلوں کے بیک لائٹس بلب تبدیل کئے گئے اور چمکیلے سٹیکر لگائے گئے ۔انہوں نے کہا کہ اٹلس ہنڈا کی معاونت سے شہر بھر میں موٹر سائیکلوں کے بلب مفت تبدیل کرنے اور بیک لائٹس پر چمکیلے سٹکر لگانے کا سلسلہ جاری رہے گا،اس سلسلے میں الحمراء چوک مال روڈ پر کیمپ لگایا گیاہے۔ٹریفک آگاہی کیمپ کے پہلے روز چیف ٹریفک آفیسرطیب حفیظ چیمہ اور اٹلس ہنڈا کے نیشنل سیفٹی مینجر تسلیم شجاع نے موٹر سائیکل سواروں کے بلب تبدیل کئے،بیک لائٹس پر چمکیلے سٹکرز لگائے اور شہریوں کو ٹریفک آگاہی لیکچر بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام میں ٹریفک کا شعور اجاگر کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی،اس کیلئے عوام کا تعاون بھی بے حد ضروری ہے۔ طیب حفیظ چیمہ نے کہا کہ دوران سفر مناسب ہیڈ لائٹس،بیک لائٹس اور ریفلکٹرسٹکر ہونے سے حادثات میں واضح کمی آجاتی ہے ،ہمیں دوسروں کے ساتھ ساتھ اپنی زندگی کی حفاظت کیلئے ٹریفک قوانین کی پاسداری کرنا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ روڈ سیفٹی اور ٹریفک آگاہی کیلئے ایس پیز اور ڈی ایس پیز اٹلس ہنڈا کی معاونت سے اہم شاہراہوں پر کیمپ قائم کریں۔

مزید :

علاقائی -