سبزہ زار رات گئے پولیس مقابلہ میں 2 ڈاکو ہلاک،پولیس اہلکار محفوظ رہے
لاہور(وقائع نگار) سبزہ زار کے علاقہ میں رات گئے مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ پولیس اہلکار معجزانہ طور پر بچ گئے۔ پولیس نے دونوں ڈاکوؤں کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا کے کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔پولیس کے مطابق گزشتہ رات کو 11بجے کے قریب دو ڈاکو سبزہ زار کے علاقہ میں ڈکیتی کی واردات کر کے فرار ہو رہے تھے کہ پولیس کی جانب سے لگائے گئے ناکے پر ان کو روکنے کی کوشش کی گئی لیکن ملزمان نے رکنے کی بجائے فائرنگ شروع کر دی جس کی زد میں کوئی بھی پولیس اہلکار نہ آیا البتہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے جوابی فائرنگ سے دونوں ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے ۔پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے دونوں مبینہ ڈاکوؤں کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ میں جمع کروا دیا ہے ۔پولیس کے مطابق دونوں ڈاکوؤں کی شناخت آصف اور ارشد کے نام سے ہوئی ہے ۔آصف پاکپتن کا رہائشی تھا جبکہ ارشد ہجرہ شاہ مقیم کا رہائشی تھا ۔دونوں ڈاکو پاکپتن میں ٹاپ ٹین کے اشتہاری تھے اور انہوں نے قیدیوں کی وین پر فائرنگ کر کے اپنے ساتھیوں کو بھی چھڑایا تھا جس کے دوران کئی پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے دونوں ڈاکوؤں کے خلاف تھانہ پاکپتن میں مقدمہ درج تھا اور ان کو پاکپتن میں تلاش کیا جا رہا تھا ۔پولیس کے مطابق ڈاکو سبزہ زار میں ایک ڈکیتی کی واردات کر کے موٹر سائیکل پر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس کی جانب سے لگائے گئے ناکہ پر پولیس اہلکاروں اور ان کے مابین مقابلہ ہو گیا جس میں وہ ہلاک ہو گئے ۔