دہشتگردوں کو پناہ گاہوں ے نکال کر حکومت کی رٹ بحال کر دی: جنرل راحیل شریف

دہشتگردوں کو پناہ گاہوں ے نکال کر حکومت کی رٹ بحال کر دی: جنرل راحیل شریف

  

راولپنڈی (آئی این پی، اے این این )آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج نے دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے باہر نکال کر حکومت کی رٹ بحال کردی ہے ،اس وقت آپریشن ضرب عضب کے انتہائی مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں جو متاثرہ علاقوں کی بحالی اور لوگوں کی دوبارہ آباد کاری پر مشتمل ہے ۔ منگل کو خیبرپختونخوااور فاٹا کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس کور ہیڈ کوارٹر پشاور میں ہوا چس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف ، گورنرخیبرپختونخوا سردارمہتاب احمدخان اور وزیراعلیٰ پرویزخٹک، کور کمانڈر پشاورلیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی ۔ اجلاس میں فوجی آپریشن اور خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کیے جانے والے آپریشنز میں پیش رفت اور عارضی بے گھر افراد کی واپسی سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا ۔ اس موقع پراظہارخیال کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہاکہ کے پی کے اور فاٹا کے عوام دہشت گردوں کے مظالم کے آگے ڈٹے رہے اورانہوں نے غیر متزلزل عزم و ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کوپیچھے ہٹنے پر مجبور کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے نکالنے اور ریاست کی بالادستی قائم کرنے کے بعد اب آپریشن کے سب سے مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں ۔ یہ مرحلہ جنگ سے متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو ، بے گھر افراد کی دوبارہ آبادکاری، مقامی افراد کی ضرورتوں اور خواہشات کے مطابق انتظامی سسٹم کے قیام کا ہے ۔ اپنے قبائلی بھائیوں کیساتھ مل کر یقینی بنائیں گے کہ دہشت گرد اور ان کے سہولت کار کبھی دوبارہ ان علاقوں میں واپس نہ آسکیں ۔انہوں نے عارضی طورپربے گھر افراد کی بروقت اور با وقار واپسی یقینی بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ علاقے کی تعمیر نو اور سماجی معاشی ڈھانچے کی بحالی کا وعدہ پورا کریں گے ۔ انہوں نے تمام متعلقہ حلقوں پر زور دیا کہ وہ دوبارہ آباد کاری کا عمل تیز کریں اور اس راہ میں حائل رکاوٹیں دور کرکے کام بروقت مکمل کیا جائے۔

مزید :

صفحہ اول -