وزیراعلٗی نے حیات آباد ٹول پلازہ کے دونوں جانب 40کلو میٹر سروس روڑ پر کام کا باضابطہ افتتاح کر دیا

وزیراعلٗی نے حیات آباد ٹول پلازہ کے دونوں جانب 40کلو میٹر سروس روڑ پر کام کا ...

  

پشاور( پاکستان نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے آج صوبائی دارلحکومت میں پیر زکوڑی فلائی اوور سے حیات آباد ٹول پلازہ تک رنگ روڈ کے دونوں جانب 40 کلومیٹر لمبے سروس روڈ زکی تعمیر کے منصوبے پر کام کا باضابطہ افتتاح کیا منصوبہ 8 ماہ کی مدت میں 1.9 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، صوبائی وزراء ، چیف سیکرٹری ، اعلیٰ حکام اور سماجی شخصیات موجود تھے۔تقریب سے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان، سینئر وزیر بلدیات عنایت اﷲ خان نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ موجودہ حکومت پشاور کی ترقی اور خوبصورتی پربھر پور توجہ دے رہی ہے اور بہت جلد شہر کاکوئی بھی حصہ بغیر ترقی کے نہیں رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت زبانی دعوؤں کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے تاکہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کوہاٹ روڈ کی تعمیر کے منصوبے کو بھی ایک سال میں مکمل کیا جائے گا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ جس طرح پشاور کے شہریوں نے تحریک انصاف پر اعتماد کیا ہے حکومت بھی اسی جذبے سے انکی خدمت کرتی رہے گی ۔سینئر وزیراور وزیر بلدیات عنایت اﷲ خان نے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت اگلے دو سال میں عوام کو عملی خدمات فراہم کرے گی ۔ انہوں نے کہاکہ حکومت جنرل بس سٹینڈ کی منتقلی اور پرانے اڈے میں تجارتی مرکزکی تعمیر ، ریگی للمہ کی ترقی، رنگ روڈ سے منسلک نکاسی آب کے منصوبے اور پشاور میں عالمی معیار کے پارکس کے قیام کیلئے اقدامات اُٹھا رہی ہے انہوں نے توقع ظاہر کی کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے شہر کا نقشہ بد ل جائے گا۔قبل ازیں پشاور ترقیاتی ادارے کے ڈائریکٹر جنرل محمد سلیم حسن وٹو نے منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ رنگ روڈ کے جنوبی حصے میں سڑک کے دونوں جانب سڑک کی تعمیر کے ساتھ نکاسی آب کی نالیاں اور سیکورٹی چیک پوسٹ قائم کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ منصوبے کی تکمیل کے بعد اس سے روزانہ 8 لاکھ مسافر مستفید ہوں گے اور اس سے ٹریفک کی روانی میں مدد ملے گی۔

مزید :

پشاورصفحہ اول -