کوہاٹ ؛ سماج دشمن عناصر کیخلاف آپریشن 4افغانیوں سمیت 46گرفتار
کوھاٹ(بیورورپورٹ) کوہاٹ کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران چار افغان باشندوں سمیت 46مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ۔کاروائی میں اسلحہ و منشیات اور متعدد مشکوک موٹر سائیکلیں برآمد کرکے تحویل میں لی گئی ہیں۔حساس اداروں کی نشاندہی پر ضلعی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے کوہاٹ شہر اور مضافات کے دیہاتوں ڈھوڈہ،شادی خیل،کمال خیل اور گڑھی ڈھوڈیوال سے ملحقہ آبادی کا اچانک محاصرہ کرلیا اور مختلف مقامات پر چھاپہ زنی کے دوران چار افغانیوں سمیت 46مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر چھان بین کیلئے تھانہ سٹی اور بلی ٹنگ منتقل کردیا۔تلاشی آپریشن کی کاروائی میں پولیس نے وی وی ایس موبائل سروس کے ذریعے سو سے زائد گاڑیاں چیک کرنے کے بعد مختلف مقامات سے چھ مشکوک موٹر سائیکلیں قبضے میں لے رکھی ہیں جنکے کاغذات کی مزید جانچ پڑتال جاری ہے۔آپریشن میں پولیس کو اسلحہ و منشیات بھی ملے ہیں جن میں ایک ایس ایم جی،ایک ریپیٹر،دو رائفل،چار پستول،مختلف بور کے سینکڑوں کارتوس اور 300گرام چرس شامل ہیں۔سرچ آپریشن میں گرفتار افغان باشندے سفری و شناختی دستاویزات کے بغیر غیر قانونی طور پر کوہاٹ شہر کے علاقوں میں رہائش پذیر تھے جنکے خلاف ایمیگریشن قوانین کے تحت مقدمات درج کرکے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔