تبلیغی جماعتوں پر پابندی کی ہر مسلمان مذمت کرتا ہے،پرویزالٰہی

تبلیغی جماعتوں پر پابندی کی ہر مسلمان مذمت کرتا ہے،پرویزالٰہی

  

گجرات (بیورورپورٹ) مسلم لیگ (ق)کے سینئرمرکزی رہنما چودھری پرویزالٰہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائے ونڈ تبلیغی اجتماع حج کے بعد دنیا کا سب سے بڑا مسلمانوں کا اجتماع ہے اس جماعت کی تعلیمی اداروں میں پابندی کو کوئی نہیں مانتا، امریکہ، روس، ہندوستان سمیت کسی ملک نے تبلیغی جماعتوں پر پابندی نہیں لگائی، نوازشریف نے مودی سرکار کو خوش کرنے کیلئے یہ قدم اٹھایا ہے انہوں نے کہاکہ تبلیغی جماعتوں کا کام اسلام اور امن کا فروغ ہے، لہٰذا شریف برادران کے اس غیر اسلامی فعل کی ہر مسلمان مذمت کرتا ہے، دین کی تبلیغ کا کام کوئی نہیں روک سکتا انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ اقدام نہ صرف پاکستانیوں کے بنیادی حقوق کی حق تلفی ہے بلکہ اسلام دشمن کی ایک سازش نظر آتی ہے، تبلیغی جماعت ایک خالص دینی جماعت ہے ، یہ جماعت امن و بھائی چارے کا پیغام نہ صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں پھیلا رہی ہے، 9/11 کے بعد ہماری حکومت پر بھی کافی دباؤ آیا تھا لیکن ہم نے کسی دباؤ کو قبول نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرے دور میں نیشنل سکیورٹی کونسل میں اس جماعت کو محدود کرنے کی آواز اٹھی تو میں نے بحیثیت چیف منسٹر اس بات کی گارنٹی دی تھی کہ یہ جماعت بے ضرر ہے اور اس کا نیٹ ورک پوری دنیا میں ہے، اسی طرح جب رائے ونڈ میں تبلیغی اجتماع کی زمین کا توسیع کا معاملہ آیا تو میں نے تمام چھان بین کے بعد ان کو زمین الاٹ کی۔ انہوں نے کہا کہ تبلیغی جماعتوں پر پابندی کے خلاف ہم سینیٹ، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں آواز اٹھائیں گے۔

پرویزالہی

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -