بندوں ، بیراجوں اور چھوٹے ڈیموں کے جائزہ کیلئے سیفٹی ایویلیوایشن سیل قائم کر رہے ہیں،یاور زمان

بندوں ، بیراجوں اور چھوٹے ڈیموں کے جائزہ کیلئے سیفٹی ایویلیوایشن سیل قائم ...

  

لاہور(اپنے خبر نگار سے) صوبائی وزیر آبپاشی و چیئرمین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ پنجاب میں بندوں ، بیراجوں اور چھوٹے ڈیموں کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے سیفٹی ایویلیوایشن سیل قائم کر رہے ہیں جو نہری ڈھانچے کا سائنسی بنیادوں پر تجزیہ کرے گا تاکہ اس کی ہر ممکن حفاظت کے ساتھ ساتھ مضبوطی برقرار رہ سکے۔ یہ بات انہوں نے آج اپنے دفتر میں سندھ طاس واٹر کونسل کے نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتائی جس کی قیادت کونسل کے چیئرمین انجینئر سیلمان خان کر رہے تھے ۔صوبائی وزیر آبپاشی میاں یاور زمان نے بتایا کہ موجودہ حکومت واٹر مینجمنٹ کے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے ۔انہوں نے اپنی گفتگو کے دوران بتایا کہ سیلابی پانی کا انتظام بہتر کرنے کے لئے نارووال سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کے برساتی نالوں کے ساتھ ساتھ جنوبی پنجاب کی رودھ کوہیوں پر ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ ان اضلاع کے عوام کو سیلابی نقصانات سے ہر ممکن حد تک محفوظ رکھا جا سکے ۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ بیراجوں پر قابل اور فرض شناس افسران کی تعیناتی کے لئے محکمہ آبپاشی میں ایک علیحدہ کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو میرٹ کے مطابق اپنی سفارشات مرتب کرے گی۔ اسی طرح آبی گزرگاہوں خصوصاً دریاؤں میں موجود بیلوں اور مٹی کے ٹیلوں کو ختم کرنے کے لئے بھی ضروری اقدامات کئے جا رہے ہیں تا کہ پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ نہ آئے ۔ وزیرآبپاشی نے مزید بتایا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال سے نبردآذما ہونے کے لئے فلڈ انفارمیشن سسٹم بھی تشکیل دے دیا گیا ہے جس کی مدد سے گزشتہ سیلاب کے دوران فیلڈ میں مشینری کو متحرک رکھنے کے ساتھ ساتھ افرادی قوت کو بروقت ہدایات دینے میں خاطر خواہ مدد ملی۔

یاور زمان

مزید :

راولپنڈی صفحہ آخر -