عوام بیزار، اورنج ٹرین اور میٹرو نہیں روز گار چاہیے، شاہ محمود قریشی
ملتان (سٹی رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عوام کا جوق در جوق تحریک انصاف کی ممبر شپ میں حصہ لینا پارٹی کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے ، پارٹی کارکن ممبر سازی کی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے کر پاکستان میں تبدیلی کے سفر کی کامیابی کیلئے اپنے حصے کا بھرپور کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹلہ ابو الفتح میں پاکستان تحریک انصاف کی ممبر سازی کے حوالے سے منعقدہ ممبر سازی کیمپ کے موقع پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ ایم این اے ملک محمد عامر ڈوگر ، چیئرمین یونین کونسل نمبر 32 ملک عدنان ڈوگر ، مخدوم زین قریشی ، ملک عباس راں ، ڈاکٹر اختر ملک ، میاں جمیل احمد ، عمر نواز خان بابر ، عبید الرحمن سیٹھی و دیگر مہمانان تھے ۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پاکستان میں اس وقت عوام جن مسائل و افکار کا شکار ہے ایسے میں بے چینی اور اضطرابی کیفیت اس بات کا اشارہ کررہی ہے کہ عوام موجودہ حکمرانوں سے بیزار ہوچکے ہیں کیونکہ موجودہ حکمرانوں نے عوام کو مسائل کے سوا کچھ نہیں دیا اور آج عوام میں بے چینی کی کیفیت اس بات کا اشارہ ہے کہ عوام تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے منتظر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی ممبر سازی کا طریقہ نہ صرف آسان بنادیا گیا ہے بلکہ پارٹی کی ممبر سازی میں شفافیت اور سہولت اس بات کی آئینہ دار ہے کہ پاکستان تحریک انصاف ہی دراصل جمہوری تقاضوں پر پورا اترتی ہے اور ملک کو بہترین نظم و نسق سے چلانے کی اہل بھی ہے ۔ موجودہ حکمران بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دینے سے کترارہے ہیں لیکن ہم بلدیاتی منتخب نمائندوں کے اختیارات سلب نہیں ہونے دیں گے ا ور نومنتخب بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دلانے کیلئے جدوجہد کریں گے ۔ پی آئی ا ے کی نجکاری دراصل پی آئی اے کے مزدوروں پر ظلم ہے اور حکومتی ہٹ دھرمی موجودہ حکمرانوں کی بادشاہت کا منظر پیش کررہی ہے جسے عوام نہ صرف مسترد کرتے ہیں بلکہ معاشرے کا ہر طبقہ پسے ہوئے عوام کے ساتھ ہے ۔
شاہ محمود قریشی