پاکستان سپر لیگ ، اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز شارجہ میں مدمقابل ہوں گی
لاہور( نیوز ڈیسک) پاکستان سپر لیگ میں آج ایک میچ کھیلا جائے گا جس میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہو گا۔دونوں ٹیمیں جیت کا عزم لئے شارجہ کے میدان میں اتریں گی۔میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق رات 9بجے شروع ہو گا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ مصباح الحق کی کپتانی میں میدان میں اترے گی جبکہ لاہور قلندرز کی سربراہی اظہر علی کریں گے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے ایونٹ میں 3میچز کھیلے ہیں جن میں سے اسے ایک میچ میں کامیابی ملی جبکہ دو میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے اور پوائنٹس ٹیبل پر یہ ٹیم 2پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر ہے۔ لاہور قلندرز نے اب تک 3میچز کھیلے ہیں جس میں دو میچوں میں اسے شکست ہوئی اور ایک میچ میں فتح اس کا مقدر بنی۔ پوائنٹس ٹیبل پر لاہور قلندرز2پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔