بھکھی پاور پلانٹ کی تکمیل سے ملک میں جاری لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ہو گی:خاوررشید

بھکھی پاور پلانٹ کی تکمیل سے ملک میں جاری لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ہو ...

لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان مسلم لیگ(ن) ٹریڈرز ونگ پنجاب کے سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے شیخوپورہ ، بھکھی میں قائداعظم تھرمل پاور منصوبے کوخوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھکھی پاور پلانٹ کی تکمیل سے ملک میں جاری لوڈشیڈنگ میں کمی واقع ہو گی اور توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی جس سے ملک ترقی کرے گا اور معیشت مزید مضبوط ہو گی۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم تھرمل پاور منصوبہ جس تیز رفتاری سے اپنی تکمیل کی طرف گامزن ہے وہ قابل تعریف ہے اور آئندہ ایک سے ڈیڑھ ماہ میں یہ منصوبہ مکمل مراحل طے کر لے گاجس کے بعد اس منصوبے کی بجلی کو نیشنل گرڈ سسٹم میں شامل کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ماضی کے مقابلے میں پاکستان کی معیشت مضبوط ہے جس کی تعریف عالمی مالیاتی ادارے اور بین الاقوامی میڈیا بھی کر چکا ہے۔ خاور رشید نے مزید کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے جو کہا تھا وہ کر کے دکھایا ہے الزامات لگانے والوں کو اپنے مفادات نظر آرہے ہیں انہیں ملک و قوم کی ترقی سے کوئی سروکار نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے جھنگ، شیخوپورہ اور بلوکی میں لگنے والے 3600 میگاواٹ کے گیس پاور پراجیکٹس بھی اسی سال مکمل ہوں گے اور ان منصوبوں میں 112 ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔

مزید : کامرس