اظہر علی کی توبہ ،مصباح ڈٹ گئے ، ٹیم سرفراز کو مل گئی

اظہر علی کی توبہ ،مصباح ڈٹ گئے ، ٹیم سرفراز کو مل گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 دبئی (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کی ایک روزہ ٹیم کے کپتان اظہر علی قیادت سے دستبردار ہو گئے ٗ سرفراز احمد کو کپتان مقرر کر دیا گیا ہے ٗ دبئی میں پی سی بی کے’’ چاربڑوں کا اجلاس ‘‘ ، ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ٗیونس خان کو کمان سونپے جانے کا امکان ۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق دبئی میں دورہ ویسٹ انڈیز کے حوالے سے پی سی بی کے’’ چاربڑوں‘‘ کا اجلاس ہوا جس میں پی سی بی کے چیرمین شہریارخان، کوچ مکی آرتھر،اچیف سلیکٹر نضمام الحق اورمصباح الحق نے شرکت کی جس میں قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی کی جگہ ٹی ٹوئٹی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد کو ون ڈے ٹیم کا بھی کپتان مقررکردیا گیا تاہم ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اورامکان ہے کہ دورہ ویسٹ انڈیز کے لئے مصباح الحق ہی قومی ٹیسٹ ٹیم کی قیادت کریں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے کہا کہ اظہر علی نے ون ڈے ٹیم کی قیادت چھوڑنے کے بارے میں آگاہ کردیا ہے اور سرفراز احمد ون ڈے ٹیم کے کئے کپتان ہوں گے۔یاد رہے کہ سرفراز احمد پاکستان کی ٹی20 ٹیم کی قیادت بھی کر رہے ہیں۔دبئی میں پاکستان سپر لیگ کے سلسلے میں موجود پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان، ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق ، کوچ مکی آرتھر سمیت اعلی حکام کی اہم ملاقات ہوئی جس میں پاکستان کرکٹ کے مستقبل کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ذرائع کے مطابق شہریار نے اظہر علی سے علیحدہ ملاقات کی جس میں انہوں نے قیادت چھوڑنے کی پیشکش کی جسے بورڈ نے قبول کیا لیکن وہ بحیثیت بلے باز ون ڈے ٹیم کیلئے خدمات انجام دیتے رہیں گے۔اظہر علی کی زیر قیادت پاکستان کو بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں بدترین کلین سوئپ سمیت 31 میں سے 18 میچوں میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا اور صرف 12 میچ جیت سکی۔مسلسل ناکامیوں کے سبب ٹیم ون ڈے کی تاریخ کی بدترین نویں پوزیشن پر پہنچ گئی تھی اور اس وقت بھی اسے ورلڈ کپ 2017 کا کوالیفائنگ رانڈ کھیلنے کا چیلنج درپیش ہے۔اجلاس کے دوران سینئر کھلاڑیوں مصباح الحق اور یونس خان کے مستقبل پر گفتگو بھی ہوئی اور ٹیسٹ کپتان مصباح الحق نے کہا کہ ابھی انہوں نے مستقبل کا فیصلہ نہیں کیا اور پاکستان سپر لیگ کے بعد اس بارے میں فیصلہ کریں گے۔یاد رہے کہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں متواتر شکستوں کے بعد پاکستان کرکٹ کے مقتدر حلقوں کی جانب سے ٹیسٹ اور ون ڈے ٹیم کی قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ کرتے ہوئے سرفراز کو تینوں فارمیٹس میں قیادت سونپنے کے مشورے دیے جا رہے تھے۔سابق کھلاڑیوں نے بھی مصباح الحق اور اظہر علی کے دفاعی انداز قیادت پر برہمی اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بورڈ سے جلد اہم فیصلے کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔اس سلسلے میں عمر اکمل، شعیب ملک اور محمد حفیظ کے مستقبل کے بارے میں بھی جلد اہم فیصلہ متوقع ہے اور ممکنہ طور پر احمد شہزاد کی دورہ ویسٹ انڈیز کیلئے قومی ٹیم میں واپسی ہو گی۔