عامر کیبلز ویٹرنز کرکٹ چیمپئن شپ کا آغاز 6 مارچ سے ہوگا
لاہور(اے پی پی ) سی ای او عامر کیبلز سابق سینئر وائس پریذیڈنٹ ایل آر سی اے صدر شاہ فیصل کرکٹ کلب اور چیف آرگنائزر ٹورنامنٹ عامر الیاس بٹ نے کہا کہ ساتویں عامر کیبلز ویٹرنز کرکٹ چیمپئن شپ کا آغاز 6 مارچ سے شاہ فیصل کرکٹ گراؤنڈ پر ہوگا۔ ٹورنامنٹ میں 20 ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ٹورنامنٹ کے میچز سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائینگے۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ چیمپئن شپ کو خوبصورت بنانے کیلئے رنگین کٹ اور سفید بال کا استعمال ہوگا۔ یاد رہے کہ تین مرتبہ عامر کیبلز، دو مرتبہ ایس پی ایم سٹیگ اور ایک مرتبہ گولڈن ایگلز ٹرافی جیت چکی ہے ۔
سابقہ چیمپئن عامر کیبلز ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد کلب کرکٹ کے ساتھ ویٹرنز کرکٹ کو بھی فروغ دینا ہے تاکہ سابقہ کھلاڑی فٹ رہنے کے ساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت کر سکیں اور کھیل کے ذریعے اپنے معاشی حالات بہتر بناسکیں اور گراؤنڈ آباد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کھیلوں کے ذریعے ایک صحت مند معاشرہ قائم کر سکتے ہیں۔ لوگوں کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کو پڑھائی کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی طرف راغب کریں۔