حافظ سعید بارے مجھ سے منسوب غلط الفاظ پرسخت دکھ ہوا: سید علی گیلانی

حافظ سعید بارے مجھ سے منسوب غلط الفاظ پرسخت دکھ ہوا: سید علی گیلانی

لاہور( خصوصی رپورٹر)حریت کانفرنس جموں کشمیر کے چیئرمین سید علی گیلانی نے نجی ٹیلیویژن پر چلائے گئے پروگرام میں چند دن قبل ایک تجزیہ نگار کی طرف سے دیے گئے اس بیان کی سختی سے تردید کی ہے جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھاکہ سید علی گیلانی نے ترجمان کے ذریعے انہیں پیغام بھجوایا کہ حافظ محمد سعید جب بھی کشمیریوں کیلئے آواز اٹھاتے ہیں تو مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں کو نقصان پہنچتا ہے۔ اپنے وضاحتی بیان میں بزرگ کشمیری قائد نے کہاکہ گذشتہ دنوں ٹی وی ٹاک شو میں مذکورہ تجزیہ نگار نے میرے کسی ترجمان کے مجھ سے منسوب حافظ محمد سعید کے متعلق جو کچھ کہا اس سے انہیں سخت صدمہ پہنچا ہے۔پیغام رساں میرا نہیں بھارت کا ترجمان ضرور ہو سکتا ہے۔مجھ سے غلط الفاظ منسوب کرنے کی سنگینی کا قطعا احساس نہیں کیا گیا کہ مظلوم کشمیریوں کے دلوں پر غلط فہمیوں کے آتش فشاں پہاڑوں کے منہ کھل گئے ہیں اور جبکہ وہ اس بات سے آگاہ ہیں کہ لمحوں کی خطا صدیوں کی سزا پر محیط ہوتی ہے۔ سید علی گیلانی نے کہاکہ میں آپ کے توسط سے ایسے تمام بیانات سے برأت کا اعلان کرتا ہوں ۔ حافظ محمد سعید ہمارے لئے انتہائی قابل احترام ہیں اور ان کی خدمات مسئلہ کشمیر کیلئے ان کی انتھک محنت مجھے سمیت تمام اہل کشمیر ان کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

مزید : علاقائی