پاکستان کا جاسوس کبوتر فرار ہونے میں کامیاب

پاکستان کا جاسوس کبوتر فرار ہونے میں کامیاب

نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ مبینہ طور پر پاکستان کا جاسوس کبوتر پولیس کی قید سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی اطلاع انٹیلی جنس ایجنسیوں کو بھی کردی گئی ہے ۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی جاسوس کبوتر راجستھان پولیس کی نااہلی کی وجہ سے اس وقت قید سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جب ایک کانسٹیبل نے جانچ پڑتال کیلئے اس کا پنجرہ اٹھانے کی کوشش کی ۔ مبینہ طور پر پاکستانی جاسوس کبوتر کو سری گانگانگرضلع سے 2گھنٹے کی کوشش کے بعد پکڑا گیا تھا ۔پولیس نے انٹیلی جنس ایجنسیوں کو کبوتر کے فرار سے متعلق آگاہ کردیا ہے جس پر پولیس افسران نے الرٹ جاری کردیا ہے ۔بھارتی حکام کا دعویٰ ہے کہ کبوتر واپس پاکستان کی طرف اڑ کرگیا ہے ۔بھارتی حکام نے کبوتر کوحراست میں لینے کے بعد اسے پاکستانی جاسوس قرار دیا تھا جس پر بھارتی حکام کے مطابق ’’5547جانباز خان ‘‘ کا ٹیگ لگا ہوا تھا اور اسکے ساتھ ایک فون نمبر بھی درج تھا۔اکتوبر 2016میں بھارتی سیکورٹی فورسز نے لائن آف کنٹرول کے قریب سے ایک اور پاکستانی کبوتر کو گرفتار کرنے کا ڈرامہ کیا تھا جس پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کیلئے ایک انتباعی نوٹ لگے ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔واضح رہے کہ بھارت اس سے قبل بھی کبوتر ،طوطے اور غبارے پکڑ کر انکے پاکستانی جاسوس ہونے کے دعوے کرتارہاہے ۔

مزید : صفحہ اول