ریپڈبس ٹرانزٹ منصوبے سے کسی کی املاک کو نقصان نہیں پہنچے گا : ملک شاہ محمد

ریپڈبس ٹرانزٹ منصوبے سے کسی کی املاک کو نقصان نہیں پہنچے گا : ملک شاہ محمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ ملک شاہ محمد خان وزیر سے جمعرات کے روز ان کے دفترپشاور سول سیکرٹریٹ میں پشاور کی تاجربرادری کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور اُنہیں ریپڈبس ٹرانزٹ منصوبے کے حوالے سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔ وفد میں ہسپتال روڈ پشاور کی تاجر تنظیم کے ہمایون فضل اور پشاور صدربازار کے قیصر جاوید خوشی اور حسین شہزاد شامل تھے۔ اس موقع پر محکمہ ٹرانسپورٹ کے پراجیکٹ منیجمنٹ یونٹ کے پبلک ٹرانسپورٹ کے ماہر عقیل یونس مغل نے ڈیزائن کی مدد سے منصوبے کے بارے میں تاجروں کو تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد سے باتیں کرتے ہوئے معاون خصوصی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان اور وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کا یہ وژن ہے کہ پشاور جو کہ صوبے کا دارالخلافہ ہے کو خوبصورت بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اُٹھائیں گے جبکہ بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے شہریوں کو بہت سارے مسائل کا سامنا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ دنیا کے تمام ترقی یافتہ ملکوں کا ٹریفک کانظام بہتر ہے جس کی وجہ سے وہ روز بروز ترقی کر رہے ہیں۔ انہوں نے تاجروں کو یقین دلایا کہ منصوبے سے کسی کی املاک کو نقصان پہنچنے گا اور نہ ہی پلازے گرائے جائیں گے کیونکہ پختونخوا کی صوبائی حکومت عوامی مفادات کو اولین ترجیح دیتی ہے ۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایاکہ انکے تحفظات کو دور کرنا وہ اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ضمن میں باہمی مشاورت اور مربوط حکمت عملی اپنا کر خوش اسلوبی سے اس منصوبے کوپایہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔انہوں نے ریپڈ بس ٹرانزٹ منصوبے کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اگر چہ مرکزی حکومت نے صوبائی حکومت کو ریلوے کی فالتوزمین لیز پر دینے سے انکار کیاہے جس کا واضح مقصد صوبے کے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں رکاوٹ ڈالنا تھا تا ہم صوبائی حکومت نے ایشیاء ڈیویلپمنٹ بنک سے انتہائی کم مارک اپ پر قرض حاصل کیا جس کی بدولت میگا پراجیکٹ کا یہ عوامی منصوبہ ایک سال کے اندر اندر پایہ تکمیل کو پہنچایا جائیگا۔ انشااﷲ اس منصوبے سے پشاور کی عوام کو جدید اور آرام دہ سفری سہولیات میسر ہوں گی۔۔ وفد نے معاون خصوصی کی یقین دہانی پر بھرپور اطمیان کا اظہار کیا اور تاجر برادری کیطرف سے اس منصوبے کی تکمیل میں ان کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔