گیس کے غیر قانونی کنکشنز کے خاتمہ کیلئے گرینڈآپریشن کیا جائیگا : اول خان
کرک (بیورورپورٹ) ڈی آئی جی کوہاٹ ریجن اول خان نے کہا ہے کہ کرک کی مثالی امن کو قائم و دائم رکھ کر پولیس اور ڈویژنل انتظامیہ یہاں کے عوام کو درپیش گیس و دیگر مسائل کے حل کیلئے ذمہ داری کے ساتھ اقدامات اٹھائیگی ، سوئی نادرن حکام سے ہونیوالے معاہدے کے تحت غیر قانونی کنکشنز ختم کر نے کیلئے گرینڈ آپریشن کیا جا ئیگا جس کی خود نگرانی کرونگااور قانونی کنکشنز لگواکر صارفین کو پریشر کے ساتھ گیس فراہم کیا جا ئیگا ان خیالات کااظہار انہوں نے پولیس لائن کرک میں علاقے کے عمائدین ،سیاسی و سماجی شخصیات پر مشتمل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرک میان نصیب جان ، خٹک اتحاد کے صدر مولانا میر زاقیم ، عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جوائنٹ سیکرٹری خورشید خٹک ، ضلعی کونسلرز جان عالم ایڈووکیٹ ، انتخاب عالم ، عبد الصادق خٹک و دیگر موجود تھے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ کرک کے عوام نے امن غارت کرنیوالے عناصر کو پولیس کے ساتھ ملکر ماضی میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کیا اور یہاں قائم مثالی امن غیور خٹک برادری کے مشران کی روایتی ننگ و ناموس ،اتحاد ہی کا نتیجہ ہے انہوں نے مزید کہا کہ گیس پریشر میں کمی کے خلاف چند ہفتے قبل علاقے کی خواتین اور عوام کی جانب سے ہونیوالے احتجاج کے تناظر میں کمشنر کوہاٹ اور ہماری کوششو ں سے ہوم سیکرٹری نے کمیٹی تشکیل دی ہے جو زمینی حقائق کا جائزہ لیکر گیس مسئلے کے حل کیلئے حکومت کو سفارشات مرتب کریگی جس پر فوری اقدامات اٹھائے جائینگے انہوں نے کہا کہ گیس ، بجلی کا غیر قانونی استعمال جائز نہیں علاقے کے مشران اور منتخب عوامی نمائندوں کی وساطت سے علاقے کو قانونی طور پر گیس ، بجلی کی فراہمی کیلئے سوئی نادرن اور پیسکو حکام کو مجبور کرینگے اور مجھے خوشی ہے کہ یہاں کے مشران نے قانونی کنکشنز کے حصول کیلئے حکومت کے ساتھ تعاون اور ماہانہ بلوں کی ادائیگی کے ذمہ داری لی ہے ۔دریں ڈی آئی جی مشران علاقے اور ڈی پی او کرک کے ہمراہ ڈسٹرکٹ پبلک لیزان کونسل اور پولیس اسسٹنس لائن ( پال) کے نو تعمیر دفاتر کو معائنہ کیا ۔