سٹاک مارکیٹ ، اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی ، انڈیکس میں 129پوائنٹس اضافہ

سٹاک مارکیٹ ، اتار چڑھاؤ کے بعد تیزی ، انڈیکس میں 129پوائنٹس اضافہ

  

کراچی(اکنامک رپوٹر)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ایک روزہ مندی کے بعد جمعہ کو اتارچڑھاؤ کے بعد تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی43700 اور43800کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں،سرمایہ کاری مالیت میں22ارب78کروڑ روپے سے زائدکااضافہ،کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت8.28فیصد کم جبکہ47.48فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔فروخت کے دباؤ اور پرافٹ ٹیکنگ کے سبب کاروبارکا آغاز منفی زون میں ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 43286پوائنٹس کی نچلی سطح پر دیکھاگیا تاہم بعد ازاں حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگرانسٹی ٹیوشنز کی جانب سے توانائی،اسٹیل،فوڈز،کیمیکل ،بینکنگ اور سیمنٹ سیکٹرمیں خریداری کے باعث مندی کے اثرات زائل ہوگئے اور ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 43824پوائنٹس کی سطح پر بھی ریکارڈ کیاگیاتاہم اتارچڑھاؤ کا سلسلہ سارادن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس128.93پوائنٹس اضافے سے 43808.80 پوائنٹس پر بندہوا۔مجموعی طور پر377کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا، جن میں سے178 کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ،179کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ20کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں22ارب 78کروڑ 97 لاکھ 60ہزار 920 روپے کااضافہ ریکارڈ کیاگیاجبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر 90کھرب99ارب 33 کروڑ 40 لاکھ48 ہزار209 روپے ہوگئی۔جمعہ کو 22 کروڑ 56لاکھ 31ہزار890 شیئرزکاکاروبار ہوا جوجمعرات کی نسبت 2کروڑ3لاکھ 87ہزار180شیئرزکم ہے۔قیمتوں کے اتارچڑھاؤ کے حساب سے کولگیٹ پامولیو کے حصص سرفہرست رہے ، جس کے حصص کی قیمت144.25 روپے اضافے سے3029.25روپے اورآئس لینڈ ٹیکسٹائل کے حصص کی قیمت49.87روپے اضافے سے 1047.37 روپے ہوگئی۔نمایاں کمی خیبرٹوبیکو کے حصص میں ریکارڈ کی گئی، جس کے حصص کی قیمت36.30 روپے کمی سے689.89روپے جبکہ گندھاراانڈسٹری کے حصص کی قیمت25.83روپے کمی سے702.88روپے ہوگئی۔جمعہ کو اے زی گارڈنائن کی سرگرمیاں1کروڑ 97لاکھ20ہزارشیئرزکے ساتھ سرفہرست رہیں ، جس کے شیئرزکی قیمت88پیسے اضافے سے18.88روپے اورعائشہ اسٹیل مل کی سرگرمیاں 1کروڑ64لاکھ63ہزار500شیئرزکے ساتھ دوسرے نمبرپررہیں، جس کے شیئرزکی قیمت99پیسے اضافے سے 21.75روپے پربندہوئی۔جمعہ کو کے ایس ای30 انڈیکس 66.59پوائنٹس اضافے سے21896.08 پوائنٹس ،کے ایم آئی30انڈیکس41.94 پوائنٹس کمی سے 73968.09پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرزانڈیکس72.37پوائنٹس اضافے سے31656.16پوائنٹس پر بندہوا۔

مزید :

کامرس -رائے -اداریہ -