لاہور اور ملائشین انٹرنیشنل چیمبر کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط
لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ملائشین انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کی رو سے دونوں چیمبر تجارتی و معاشی تعاون کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید اور ملائشین انٹرنیشنل چیمبر کے صدر داٹک وائرہ جلیلہ نے مفاہمتی یاددشت پر ستخط کیے۔ لاہور چیمبر کے صدر ملک طاہر جاوید نے کہا کہ دونوں چیمبرز کے درمیان یہ تاریخی معاہدہ ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور مشترکہ معاشی اہداف کے حصول میں مدد کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملائشیا برآمدات کے حوالے سے پاکستان کے لیے بہت اہم ہے۔ انہوں نے ملائشین سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستانی تاجروں کے ساتھ مل کر چین پاکستان اکنامک کاریڈور سے بھرپور فائدہ اٹھائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملائشیا کی چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتوں کے لیے مشترکہ منصوبہ سازی کے ذریعے بھاری فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ ملائشین انٹرنیشنل چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر داٹک وائرہ جلیلہ نے بھی مفاہمتی یادداشت کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے تجارتی معلومات کے تبادلے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے پاکستانی تاجروں پر زور دیا کہ وہ ملائشیا کے تاجروں کے ساتھ روابط زیادہ سے زیادہ بڑھائیں۔