شمالی کوریائی لیڈر کی بہن سرمائی اولمپکس دیکھنے جنوبی کوریا پہنچ گئیں
سیؤل (نیٹ نیوز) شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اْن کی بہن کم یو جونگ سرمائی اولمپکس دیکھنے کے لیے جنوبی کوریا پہنچ گئی ہیں۔جرمن خبرساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریائی وزارت اتحاد کے وزیر نے انچیؤن کے انٹرنیشنل ہوائی اڈے پر اْن کا استقبال کیا۔ 1950 سے 1953 تک جاری رہنے والی کوریائی جنگ کے بعد شمالی کوریا پر برسراقتدار خاندان کی وہ پہلی رکن ہیں جو جنوبی کوریا پہنچی ہیں۔ وہ اپنے ملک کے اْس 22 رکنی اعلی سطحی وفد میں شامل ہوں گی جو سرمائی اولمپکس کے لیے اس وقت جنوبی کوریا میں ہے۔ اس وفد کی قیادت شمالی کوریائی سربراہ مملکت کر رہے ہیں۔