قومی ریجنل کرکٹ کپ : راولپنڈی ، باہر اسلام آباد فائنل میں پہنچ گیا

قومی ریجنل کرکٹ کپ : راولپنڈی ، باہر اسلام آباد فائنل میں پہنچ گیا

  

لاہور (سپورٹس رپورٹر) شان مسعود اور بابر اعظم کی شاندار سنچری کی بدولت اسلام آباد کی ٹیم قومی ریجنل ون ڈے کرکٹ کپ فائنل میں پہنچ گئی، اسلام آباد نے راولپنڈی کو سیمی فائنل میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 13 رنز سے شکست دی ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قومی ون ڈے کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں اسلام آباد نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 380 رنز کا مجموعہ ترتیب دیا، شان مسعود 182 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ بابراعظم 136 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے، عابد علی 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، سعد الطاف اور یاسر علی نے ایک، ایک وکٹ لی۔ جواب میں راولپنڈی ریمز کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 367 رنز تک محدود رہی، افتخار احمد، سعود شکیل اور عمیر مسعود نے ٹیم کو کامیابی دلانے کیلئے آخر دم تک بھرپور مقابلہ کیا تاہم اسلام آباد کے باؤلرز نے انہیں کامیاب نہ ہونے دیا، اسطرح افتخار احمد کی 123 رنز کی دلکش اننگز، سعود شکیل کی 70 اور عمیر مسعود کی 50 رنز کی اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئیں، کپتان محمد حفیظ 48، نوید ملک 10، عمر امین 11، ذیشان ملک 31، کاشف بھٹی 1، یاسر علی 8 اور عطاء اللہ 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، حمزہ ندیم نے 3 نعمان علی نے 2 جبکہ شہزاد اعظم اور احمد بشیر نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ اسلام آباد اور کراچی وائٹس کی ٹیمیں فیصلہ کن معرکے میں کل آمنے سامنے ہوں گی۔

مزید :

کلچر -کھیل اور کھلاڑی -رائے -اداریہ -