سپریم کورٹ عابد باکسر کے اعترافی بیان پر از خود نوٹس لے،صاحبزادہ حامد رضا
لاہور(ایجوکیشن رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ عابد باکسر کے اعترافی بیان کا از خود نوٹس لے۔ حکمرانوں کے حکم پر ہونے والے جعلی پولیس مقابلوں کی جوڈیشل انکوائری کروائی جائے۔ حکمران اشرافیہ راؤ انوار اور عابد باکسر جیسے قاتلوں کو اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرتی ہے۔ ایم کیو ایم مکافات عمل کا شکار ہے۔ اقتدار ختم ہوتے ہی ن لیگ کا حشر بھی ایم کیو ایم جیسا ہو گا۔ شریف خاندان پر مدت اقتدار ختم ہونے کے غم میں بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ طاری ہے۔ توہین عدالت کا معاملہ نواز شریف تک بھی جا سکتا ہے۔ کالے دھن اور کالے من والوں نے سیاست پر قبضہ کر رکھا ہے۔ نسل در نسل حکمرانی کرنے والا سدا بہار حکمران خاندان عبرت کا نشان بننے والا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی شادباغ میں سنی اتحاد کونسل لاہور کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ختم نبوت سے غداری کرنے والوں کا مقدر ذلت اور رسوائی ہے۔ ملک کا سب سے بڑا مکتبہ فکر ن لیگ سے لاتعلق ہو چکا ہے۔ علماء و مشائخ نے آئندہ الیکشن میں ن لیگ کی مخالفت کا فیصلہ کر لیا ہے۔