پرائیویٹ اداروں کا سرکاری سکولوں کے ساتھ تعلیمی سیشن شروع کرنے سے انکار

پرائیویٹ اداروں کا سرکاری سکولوں کے ساتھ تعلیمی سیشن شروع کرنے سے انکار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)پرائیویٹ سکول مالکان نے تعلیمی سیشن سرکاری سکولوں کے ساتھ شروع کرنے سے انکار کر دیا ۔سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی سال کا آغاز یکم مارچ سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ تعلیم سکول ایجوکیشن نے پنجاب کے سرکاری تعلیمی اداروں میں سال 2018کے تعلیمی سیشن کا آغاز یکم مارچ سے شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس حوالے سے پرائیویٹ سکول فیڈریشن کے صدر مرزا کاشف علی نے کہا ہے کہ رواں سال ٹیکنیکل طور پرتعلیمی سیشن کا آغاز یکم مارچ سے نہیں کیا جا سکتا۔ اگر محکمہ تعلیم نے تعلیمی سیشن کا آغازجلد کرنا ہے تو جنوری یا ستمبرمیں کرایا جائے تاکہ انگلش میڈیم سے اردو میڈیم میں داخلہ لینے والے طلباء کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے روزنامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرکاری سکولوں میں تعلیمی سیشن ایک ماہ قبل شروع کرنے کیلئے امتحانات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی سیشن ایک ماہ قبل شروع ہونے سے بچوں کا ڈراپ آؤٹ کم ہوگا اورگرمیوں کی چھٹیوں سے قبل بچے اپنانصاب بھی اچھی طرح سے مکمل کر سکیں گے۔ڈاکٹر اللہ بخش ملک نے کہا کہ کیمبرج ، آکسفورڈ اور دیگر سسٹم کے تحت امتحان لینے والے نجی تعلیمی اداروں کو بھی آئندہ سال سے محکمہ تعلیم کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق سیشن شروع کروانے کی کوشش کریں گے۔۔تعلیمی سیشن جلد شروع ہونے پر طلباء کے والدین نے بھی اپنے تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ رواں سال تعلیمی سیشن کے جلد آغاز سے ان کے بچے اپنانصاب مکمل نہیں پڑھ سکے،اگر اس حوالے سے حکومت پہلے اعلان کردیتی توبچے اپنا نصاب مکمل کرلیتے۔
پرائیویٹ تعلیمی ادارے/انکار

مزید :

علاقائی -