باہمی تعاون سے ہی امن ممکن ، یورپی یونین کیساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں : ناصر جنجوعہ

باہمی تعاون سے ہی امن ممکن ، یورپی یونین کیساتھ اچھے تعلقات کے خواہاں ہیں : ...

  

اسلام آباد (این این آئی)قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل(ر)ناصر جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان نے خطے کے استحکام اور امن کیلئے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی تعمیری اور متوازن کردار ادا کرتا رہیگا اور یہ کہ باہمی تعاو ن سے ایشیا میں امن قائم ہو سکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے پاکستان میں ایران کے سفیر مہدی ہنر دوست سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے ان سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے معاملات کے علاوہ دونوں ملکوں کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قومی سلامتی کے مشیر نے کہا کہ پاکستان کے ہمیشہ ایران کیساتھ دوستانہ تعلقات رہے ہیں جبکہ مستقبل میں بھی پاکستان ایران کیساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنیکا خواہاں ہے۔ایران کے سفیر نے دونوں ملکوں کے درمیان اعلی سطح پر تبادلوں پر اطمینان کااظہار کیا جو تعلقات میں مزید بہتری کیلئے راہ ہموار کر رہے ہیں۔سفیر نے کہا کہ باہمی تعاون خطے میں پائیدار امن کے حصول کا واحد راستہ ہے۔دریں اثناناصرخان جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان یورپین یونین کیساتھ اپنے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے زریعے مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے۔ وہ یورپین یونین ملٹری کمیٹی کے چیئر مین جنرل میخائل کستاراکوس سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے جمعہ کو یہاں ان سے ملاقات کی۔بات چیت کے دوران باہمی دلچسپی کے معاملات سمیت مشترکہ چیلنجوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔قومی سلامتی کے مشیر نے جمہوریت،گورننس،امن و امان اور علاقائی ممالک کی اقتصادی بہتری میں یورپین یونین کے کردار کو سراہا۔جنرل میخائل کستاراکوس نے دنیا بلاخصوص خطے میں امن استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعتراف کیا اور دہشت گردی و شدت پسندی کیخلاف پاکستان کی کوششوں و مسلح افواج کے عزم کو سراہا۔

ناصر جنجوعہ

مزید :

علاقائی -