لاہور ، 404روز میں 1743احتجاجی دھرنے مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں : رپورٹ
لاہور( این این آئی)پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں ہونے والے احتجاجی دھرنوں، مظاہروں اور ریلیوں کے باعث شدید ٹریفک جام نے عوام کو ذہنی مریض بنا دیا،پنجاب کے کسی بھی حصے سے تعلق رکھنے والے مظاہرین نے اپنے مطالبات کی منظوری کیلئے معروف شاہراہ مال روڈ اور شملہ پہاڑی چوک کو مرکز بنا لیا ، 404روز میں لاہور میں مجموعی طور پر 1743احتجاجی دھرنے،ریلیاں اورمظاہرے کئے گئے ۔تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے شہری دھرنوں ، ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کے نہ ختم ہونے والے سلسلے کی وجہ سے شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں ۔احتجاجی مظاہروں میں امن و امان کے خدشے کے پیش نظر شہریوں کو اپنی معمول کی سر گرمیاں بھی معطل کرنا پڑتی ہیں۔ ایک رپورٹ کے مطابق سال 2017ء کے 365اور رواں سال کے 39روز میں صوبائی دارالحکومت لاہور میں مجموعی طو رپر 1743احتجاجی دھرنے، مظاہرے اور ریلیاں نکالی گئیں جس کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک جام رہی ۔ سب سے زیادہ 966احتجاج اور294ریلیاں مال روڈ اور پریس کلب کے باہر نکالی گئیں جبکہ باقی احتجاج شہر کے دیگر مقامات پر ہوئے ۔ عدالت عظمیٰ کی جانب سے دفعہ 144کے نفاذ کے باوجود مال روڈ دھرنوں ،احتجاجوں اور ریلیوں کا مرکز بنا ہوا ہے ۔