انتخابات میں دھرنا گروپ کو پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا : شہباز شریف

انتخابات میں دھرنا گروپ کو پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا : شہباز شریف

  

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہم نے ترقیاتی منصوبوں کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کے ریکارڈ قائم کئے ہیں اس لئے آئندہ انتخابات میں دھرنا گروپ کو پشیمانی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ،مسلم لیگ (ن) عوام کی حمایت سے آئندہ انتخابات میں اکثریت سے کامیاب ہو کر ترقی کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گی۔ایوان وزیر اعلیٰ سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ دھرنا پارٹی نے صرف اور صرف جھوٹ اوربے بنیاد الزامات کی سیاست کی ہے اور عوام کے مسائل کے حل اوراپنے صوبے کی ترقی کی بجائے الزام تراشی کو وطیرہ بنائے رکھا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کوئی اقدام نہیں اٹھایا جبکہ کرپٹ اور شکست خوردہ عناصر نے توانائی سمیت مفاد عامہ کے ہر منصوبے میں تاخیر کی کوشش کی اور اب یہ عناصراپنے کئے پر شرمندہ ہیں۔وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ہم نے جھوٹ اور بے بنیاد الزامات کی سیاست کی بجائے عوام کی خدمت کو مقدم رکھا ہے اور ہمارے تمام اقدامات عوام کی ترقی و خوشحالی کے مظہر ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام خدمت کرنے والوں کو کبھی بھلاتے نہیں۔2018ء کے انتخابات میں عوام خدمت کرنے والوں اورترقی کا سفر روکنے والوں کا فیصلہ اپنے ووٹ کی طاقت سے کریں گے۔

شہبازشریف

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کی ترقی و خوشحالی کا سفر تیزی سے طے کررہے ہیں ، وسائل قوم کی امانت ہیں لہٰذاایک ایک پائی ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق سے ملاقات کے دوران کیا ۔اس موقع پر سینیٹ الیکشن، سیاسی امور اور ترقیاتی پروگراموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ ہم نے زبانی جمع خرچ کی بجائے ترقی و خوشحالی کیلئے عملی اقدامات کئے ہیں کیونکہ تبدیلی کھوکھلے نعروں سے نہیں بلکہ عوام کی عملی خدمت سے آتی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے انتھک محنت سے فلاح عا مہ کے منصوبوں کو مکمل کیا ہے۔ شہبازشریف نے بے مثال ترقیاتی کام کرا کر صوبے کا نقشہ بدل دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب کی ترقی دیگر صوبوں کے لئے رول ماڈل ہے۔ وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کا دل عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے۔ شہبازشریف نے اپنی محنت کے ذریعے صوبے کو ترقی یافتہ بنا دیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب/ملاقات

مزید :

صفحہ اول -