افضل گورو کی برسی پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ، بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

افضل گورو کی برسی پر مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ، بھارت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

  

سری نگر،مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ،این این آئی)حریت رہنما افضل گورو کی پانچویں برسی پر متحدہ مزاحمتی قیادت کی کال پر وادی میں مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ،قابض حکومت نے حریت قیادت کو نظربند کردیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حریت قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے افضل گورو کی پانچویں برسی پر مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال اور پرامن احتجاج کی کال دی ہے جس پر وادی میں مکمل ہڑتال اور سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔دوسری جانب قابض انتظامیہ نے احتجاج ناکام بنانے کے لئے حریت رہنماؤں کو گھروں میں ہی نظربند کردیا، سید علی گیلانی، یاسین ملک، میرواعظ عمر فاروق، محمد اشرف سہری، غلام احمد گلزار، مختار احمد وزا، بلال صدیقی اور محمد اشرف سمیت دیگر کو نظربند کیا گیا ہے۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارت مخالف احتجاج کو روکنے کے لئے سری نگر اور بعض شمالی علاقوں میں سخت پابندیاں لگاتے ہوئے ٹرین سروس کو بھی معطل کردیا۔بھارتی فوجی طاقت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو شکست نہیں دی سکتی ،بچہ بچہ مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہید بنے گا ،کشمیری آزادی تک دشمن کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے،اقوام متحدہ مردہ گھوڑا ،کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کچھ نہیں کیا ، مقررین کا خطاب۔ افضل گورو شہید کی پانچویں برسی مقبوضہ کشمیر کی طرح آزادکشمیر ، پاکستان اور دنیا کے مختلف ممالک میں پوری قومی جوش و جذبے سے منائی گئی اور اس عہد کی تجدید کی گئی کے شہیدکی قربانیوں کو رائیگان نہیں جانے دیا جائے گااور بھارتی تسلط سے مقبوضہ کشمیر کو آزادی دلائی جائے گی ۔ ادریس عباسی نے کہا کہ افضل گوروکی پھانسی عدالتی قتل اور بھارتی عدالتی نظام کے منہ پر طمانچہ تھا ۔ افضل گورو کے کیس میں عدالت نے سماعت کے آئینی تقاضے پورے نہیں کئے اور محض بھارتی عوام کو مطمئن کرنے کے نام پر ایک پڑھے لکھے اور پرامن کشمیر ی کو پھانسی دیدی گئی ۔شوکت جاوید میر نے کہا کہ پانچ فروری کو پوری پاکستانی قوم نے کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کر کے کشمیریوں کی تحریک آزاد ی کو تقویت پہنچائی ہے ۔ حشمشیر خان نے کہا کہ افضل گورو شہید ایک ایم بی بی ایس ڈاکٹر تھے وہ اچھی نوکری حاصل کر کے آرام دہ زندگی گزار سکتے تھے مگر انہوں نے عظیم مقصد کے لئے دنیا کی تمام آسائشوں کو ٹھکرا دیا، بھارتی فوجی طاقت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو شکست نہیں دی سکتی اب بچہ بچہ مقبول بٹ شہید اور افضل گورو شہید بنے گا ۔ مشتاق الاسلام نے کہا کہ افضل گورو کی جدوجہد نے تحریک آزادی کو نقطہ عروج تک پہنچایا ۔ فدا کیانی نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے ۔ بھارتی مظالم کشمیریوں کے جذبے آزادی کو سرد نہیں کر سکتے ۔ تقریب سے حریت رہنما شعیب شاہ ، بابربشیر اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ تقریب کے آخر میں ریلی نکالی گئی جو پریس کلب سے شروع ہوکر برہان وانی چوک پر اختتام پذیر ہوئی ۔ شرکاء ریلی نے بھارت سے آزادی کے حق میں نعرے بھی لگائے ۔

مقبوضہ کشمیر

مزید :

صفحہ اول -