سینیٹ الیکشن ،کاغذات کی جانچ پڑتال 10فروری سے شروع ہوگی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)صوبائی الیکشن کمشنر آفس سندھ میں سینیٹ امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 10فروری سے شروع ہوگی ۔18فروری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ لسٹ آویزاں کردی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق سندھ سے سینیٹ کی 12 نشستوں پر انتخابات کے لیے مختلف سیاسی جماعتوں کے 44 امیدواروں نے مجموعی طور پر 47 کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ہیں ۔ ان میں پیپلز پارٹی کے 20 ، ایم کیو ایم فاروق ستار گروپ کے 9 ، ایم کیو ایم بہادر آباد گروپ کے 7 ، پاک سرزمین پارٹی کے 6 ، مسلم لیگ (ن) کے 2 ، پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان مسلم لیگ (فنکشنل) کے ایک ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ۔سینٹ انتخابات کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 10 سے 12 فروری تک جاری رہے گی۔10 فروری کو پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی ہو گی۔11 فروری کی صبح پی ایس پی کے چھے امیدوار کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کروائیں گے۔11 فروری کو دو بجے ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کو اسکروٹنی کے لئے طلب کیا گیا ہے۔ایم کیوایم بہادرآبادگروپ کے امیدواروں کی اسکروٹنی 12 فروری کوہوگی۔مسلم لیگ نواز، مسلم لیگ فنکشنل، پی ٹی آئی کے ارکان کو 11 اور 12 فروری کو طلب کیا گیا ہے۔امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات اور اپیلیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 فروری ہے۔8 فروری کو امیدواروں کی نظر ثانی شدہ لسٹ آویزاں کی جائے گی۔امیدواروں کے کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 19 فروری ہے۔سینٹ انتخابات کے لئے پولنگ سندھ اسمبلی بلڈنگ میں 3 مارچ کو ہو گی