مہاجر سیاست کو شخصیت پرستی سے نکالنا ہوگا،ڈاکٹرسلیم حیدر

مہاجر سیاست کو شخصیت پرستی سے نکالنا ہوگا،ڈاکٹرسلیم حیدر

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


کراچی(اسٹاف رپورٹر)مہاجر اتحاد تحریک کے چیئرمین ڈاکٹر سلیم حیدر نے کہا ہے کہ بدقسمتی سے سندھ میں برسہا برس سے مہاجر سیاست شخصیت پرستی کا شکار رہی ہے جس کے نتیجے میں مہاجر حقوق پس پشت چلے گئے اور شخصی سیاست نے مہاجروں کو رسوائی ، پسپائی اور جگ ہنسائی کے سوا کچھ نہیں دیا۔ ایم کیوایم نے اپنے ماضی سے سبق سیکھنے کے بجائے اب بھی وہی روش اختیار کی ہوئی ہے جس کے سبب مہاجر عوام مایوس، بدل اور غمزدہ ہیں۔ جبکہ غیر مہاجر لیڈران ، سیاسی جماعتیں پوری قوم کا تمسخر اُڑارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مہاجر قوم کو بدنام کروایا گیا اور اب چند سیٹوں پر ہونے والے جھگڑے نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ہے۔ ایم کیوایم برسہا برس سے اقتدار کا حصہ رہی ہے اور اسی اقتدار کے طفیل اوسطاً سطح کے لوگ بھی خود کو بڑا ظاہر کررہے ہیں۔ اب جبکہ مہاجروں کو اتحاد اور سہارے کی ضرورت تھی ایک مرتبہ پھر وہی سابقہ روش اختیار کی جارہی ہے جس کا نقصان براہ راست مہاجر قوم کو اُٹھانا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم بارہا یہ کہتی رہی ہے کہ اقتدار آنی جانی چیز ہوتی ہے تو پھر اس فلسفے پر کار بند رہتے ہوئے ذاتیات اور اختلافات کی سیاست کرنے کے بجائے تمام مہاجروں کو یکجا کرنے کی ضرورت تھی تاکہ مہاجر مزید رسوائی سے بچ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ مہاجر اتحاد تحریک تمام مہاجروں کو دعوت دیتی ہے کہ وہ مہاجر صوبے کی تحریک شروع کرنے کیلئے گرینڈ الائنس قائم کریں اور مہاجروں کو تقسیم کرنے کے بجائے متحد کرنے کی سیاست اختیار کی جائے کیونکہ آنے والا وقت مہاجروں کیلئے انتہائی کٹھن ہے اور مہاجروں کیخلاف کی جانے والی سازشوں کا مقابلہ صرف اور صرف آپس کے اتحاد اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ 2018ء میں بھی اس طرح کی بچکانہ سیاست جاری رکھی گئی تو پھر داستاں بھی نہ ہوگی داستانوں میں۔