گورنر سندھ سے چانسلر مدرسۃ الاسلام کی ملاقات

گورنر سندھ سے چانسلر مدرسۃ الاسلام کی ملاقات

  

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ اور سرکاری جامعات کے چانسلر محمد زبیر سے سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی کے وائس چانسلر محمد علی شیخ نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی اور انہیں یونیورسٹی میں جاری پروگرامز ، مستقبل کے منصوبوں ، ایجوکیشن سٹی میں ملیر کیمپس کی تعمیر اور دیگر معاملات پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی نے مختصر عرصہ کے دوران نمایاں ترقی کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بابائے قوم کی مادرعلمی ہونے کے ناطے یہ ادارہ تمام پاکستانیوں کے لئے بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ مدرستہ الاسلام اسکول اور کالج نے معیاری تعلیم کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کیا ہے اور یونیورسٹی بننے کے بعد سے یہ ادارہ اعلیٰ تعلیم کے فروغ میں نمایاں کاوشیں کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ یونیورسٹی کی جانب سے غیر ملکی جامعات کے ساتھ تعلیم و تربیت کے ضمن میں باہمی تعاون کی یاداشت پر دستخط سے اس ضمن میں اہم پیش رفت ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جامعہ کی نمایاں کارکردگی کے ضمن میں وائس چانسلر اور ان کی ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ اس تاریخی تعلیمی ادارے کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔ وائس چانسلر نے گورنر سندھ / چانسلر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی رہنمائی میں یونیورسٹی کی بہتری کے لئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -تجزیہ -راولپنڈی صفحہ آخر -کراچی صفحہ اول -