سعودی عرب نے پاکستان پر ڈالروں کی بارش کرنے کا فیصلہ کرلیا
جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی عرب کی طرف سے تاخیری ادائیگی پر تیل سمیت خطیر رقم پاکستان کو دی جا چکی ہے اور اب اس نے پاکستان پر ڈالروں کی مزید بارش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ دی نیوز کے مطابق سعودی حکومت پاکستان میں ریکارڈ سرمایہ کاری کا ایک پیکیج تیار کر رہی ہے، جس سے پاکستان کو بہت زیادہ ریلیف ملے گا اوراس کی مالی مشکلات میں نمایاں کمی ہو جائے گی۔
اس سرمایہ کاری پیکیج کا محور 10ارب ڈالر کی لاگت سے تیار ہونے والی ریفائنری اور آئل کمپلیکس ہو گا جو سعودی عرب گوادر میں تعمیر کرے گا۔ اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بغیر کسی تاریخ کا اعلان کیے جلد اسلام آباد کا دورہ کریں گے۔ اس دورے کے دوران سرمایہ کاری پیکیج کے حوالے سے کئی بڑے معاہدے طے پائیں گے۔
پاکستانی وزارت خزانہ کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ”پاکستان اور سعودی عرب کے مابین سرمایہ کاری پیکیج کے حوالے سے مذاکرات جاری ہے اور اب تک کی بات چیت بہت مثبت رہی ہے۔ اس پیکیج کے تحت سعودی عرب پاکستان میں جتنی سرمایہ کاری کرنے جا رہا ہے، تاریخ میں اس سے پہلے اس نے پاکستان میں اتنی سرمایہ کاری نہیں کی۔ ہم پرامید ہیں کہ سعودی ولی عہد کے دورہ¿ پاکستان کے دوران یہ معاہدہ طے پا جائے گا۔“