جامع الامیر فیصل بن سعد کے زیر اہتمام تقریبِ تقسیمِ انعامات

جامع الامیر فیصل بن سعد کے زیر اہتمام تقریبِ تقسیمِ انعامات
جامع الامیر فیصل بن سعد کے زیر اہتمام تقریبِ تقسیمِ انعامات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جامع الامیر فیصل بن سعد کے زیر اہتمام مدرسہ تحفیظ القرآن کے کمسن حافظ قرآن بچوں میں سرٹیفکیٹ اور انعامات دینے کی تقریب منعقد ہوئی جس میں سفارت خانہ پاکستان کے افسران سمیت کیمونٹی ممبران کی بڑی تعداد بھی شریک تھی. 


مدرسہ تحفیظ القرآن میں زیر تعلیم چھ سال سے چودہ سال کے بچوں نے قرآن مجید حفظ کیا جن کو سفارت خانہ پاکستان کے ہیڈ آف چانسری عمر منظور ملک اور مکتبہ دارالاسلام کے مدیر عبدالمالک مجاہد نے انعامات سے نوازا جبکہ دیگر عمائدین شہر میں چوہدری بشیر احمد، شکیل کیانی،خالد اکرم رانا اور دیگر نے بھی حافظ قرآن بچوں کو انعامات دئیے اس موقع پر بچوں نے قرآن مجید کی خوبصورت انداز میں تلاوت بھی کی اور قرآن مجید اور حدیث مبارکہ کے حوالے سے سوالات کے جوابات بھی دئیے ۔

اس موقع پر سفارت خانہ پاکستان کے ہیڈ آف چانسری عمر منظور ملک نے کہا کہ یقیناََ حافظ قرآن بچے اور ان کے والدین مبارکباد کے مستحق ہیں جھنوں نے قرآن پاک جیسی عظیم کتاب کو اپنے سینوں میں سمویا ہے اور یہی بچے آگے چل کر دین کی بہتر انداز میں خدمت کر سکیں گے قرآن پاک راہ ہدایت کا راستہ ہے اس لئے ضروری ہے کہ اس ہدایت نامے پر عمل پیرا ہوکر اپنی زندگیوں کو سنوارا جائے، سفارت خانہ پاکستان مدرسہ کے ساتھ ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے جبکہ مدرسہ تحفیظ القرآن کے نائب مشرف عبدالمالک مجاہد کا کہنا تھا کہ قرآن ہدایت نامہ ہے اور احکام الہی کے مطابق زندگی گزارنے کے لئے مسلمانوں کو اس کی تعلیم حاصل کرنا ضروری ہے تاکہ کامیابی حاصل ہوسکے۔

اللہ تعالی اور اسکے رسول ﷺنے فرمایا ہے کہ تم میں سے بہتر وہ ہے جو قرآن سیکھے اور سیکھائے اس لئے مدرسہ کے اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں جنھوں نے قرآن سے سچی لگن کے ساتھ بچوں کو حفظ کروایا تقریب سے مدرسہ تحفیظ القرآن کے صدر قاری محمد اسد اقبال، فیصل علوی اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور بچوں سمیت ان کے والدین کو قرآن مجید حفظ کرنے پر مبارک باد دی.