لاہور(آئی این پی )کیسز کو نمٹانے کیلئے پنجاب کی ماتحت عدلیہ میں ڈبل شفٹ پر غور کیا جارہا ہے۔
ڈی جی ڈائریکٹوریٹ ڈسٹرکٹ جوڈیشری لاہور ہائیکورٹ نے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کو خط لکھ دیا۔خط میں لکھا گیا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان زیر سماعت کیسز کے خاتمے کیلئے عدالتوں میں ڈبل شفٹ شروع کرنے کے خواہشمند ہیں، تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز اس تجویز کے حوالے سے اپنی رائے دیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ تمام جوڈیشل افسران جو ایکسٹرا شفٹس میں کام کرنا چاہتے ہیں اپنی رائے سے آگاہ کریں، پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز جلد اپنی رپورٹس جمع کروائیں۔واضح رہے کہ پاکستان کی مختلف عدالتوں میں لاکھوں کی تعداد میں کیسز زیر التوا ہیں، ججز کی کمی کے ساتھ ساتھ دیگر مسائل کی وجہ سے سائلین کو مشکلات کا سامنا اٹھانا پڑتا ہے۔