مودی کا دورہ پیرس،بھارتی وزیراعظم کا طیارہ 41منٹ تک پاکستانی فضائی حدود میں رہا

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پیر کی دوپہر نئی دہلی سے فرانس جاتے ہوئے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی فضائی حدود میں سفر کیا ۔تاہم مودی نے پاکستان حکومت یا پاکستانی عوام کیلئے خیر سگالی کا کوئی پیغام نہیں چھوڑا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی خصوصی طیارے میں نئی دہلی سے پیرس جا رہے ہیں، مودی کا خصوصی طیارہ "انڈیا ون" لاہور کے قریب سے پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوا۔
بھارتی وزیراعظم نے شیخوپورہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، چکوال اور کوہاٹ پر 34 ہزار فٹ کی بلندی سے لگ بھگ 41 منٹ تک سفر کیا۔
بھارتی ائیر فورس کا بوئنگ 777 طیارہ پارا چنار سے ہوتے ہوئے لنڈی کوتل سے افغان فضائی حدود میں داخل ہوا، افغانستان کی فضائی حدود بند ہے لیکن بھارتی وزیراعظم کو اس سلسلے میں خصوصی اجازت دی جاتی ہے۔
بھارتی وزیراعظم پیرس میں اے آئی سمٹ کے تیسرے ایڈیشن کی صدارت کریں گے، بھارتی وزیراعظم فرانس کا دورہ مکمل کرکے 12 فروری کو امریکا جائیں گے۔
نریندر مودی اپنی دوسری وزارت عظمی کے دوران پہلی بار صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملیں گے۔