صدر مملکت آصف زرداری لزبن پہنچ گئے، ترکیہ میں مختصر قیام، پرنس رحیم آغا خان سے تعزیت کرینگے

لزبن ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) صدر مملکت آصف علی زرداری پرتگال کے دارالحکومت لزبن پہنچ گئے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا اور 50 ویں امام پرنس رحیم آغا خان سے ان کے والد پرنس کریم آغا خان کی وفات پر اظہار افسوس کریں گے۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق آصف علی زرداری نے دورہ پرتگال کے موقع پر ترکیہ میں مختصر قیام کیا جہاں ترک صدر طیب اردگان سے ملاقات کی، دونوں صدور کی ملاقات استنبول ایئرپورٹ پر ہوئی، دونوں رہنماو¿ں نے دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
علاوہ ازیں گزشتہ روز پاکستان کے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اسماعیلی کمیونٹی کے روحانی پیشوا 49 ویں امام شاہ کریم الحسینی(آغا کریم خان) کی وفات پر تعزیت کی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے امام رحیم آغا خان سے ملاقات کر کے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تعزیتی پیغام بھی پہنچایا۔
انہوں نے برطانیہ سے پرتگال آئے ہوئے پارلیمنٹیرین کے وفد سے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات کو فروغ دینے کیلئے اقدامات پر غور کیا۔