ٹرمپ نے  تمام سٹیل اور ایلومینیم درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد  کرنے کا اعلان کردیا

ٹرمپ نے  تمام سٹیل اور ایلومینیم درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد  کرنے کا اعلان ...
ٹرمپ نے  تمام سٹیل اور ایلومینیم درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد  کرنے کا اعلان کردیا
سورس: Facebook: File

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن)  امریکہ کے  صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ پیر کے روز سے امریکہ تمام سٹیل اور ایلومینیم کی درآمدات پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرے گا۔ یہ نیا اقدام ان اضافی میٹل ڈیوٹیوں کے علاوہ ہوگا جن کا اعلان ہفتے کے آخر میں متوقع ہے۔
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق ٹرمپ نے یہ بیان ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اس وقت دیا جب وہ نیو اورلینز میں این ایف ایل سپر باؤل میں شرکت کے لیے جا رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ منگل یا بدھ کو ایک نیوز کانفرنس میں اپنے "ریسیپروکل ٹیرف" (جوابی محصولات) کے منصوبے کی تفصیلات دیں گے، جو فوراً نافذ العمل ہوں گے۔
ٹرمپ نے یہ واضح نہیں کیا کہ جوابی محصولات کن ممالک پر لاگو ہوں گے لیکن انہوں نے زور دیا کہ امریکہ ان ممالک کے محصولات کی شرح کے مطابق ہی محصولات عائد کرے گا۔ ٹرمپ نے اپنے منصوبے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا "اگر وہ ہم پر چارج کرتے ہیں، تو ہم بھی ان پر چارج کریں گے۔" 
اپنی پہلی صدارت (2016-2020) کے دوران ٹرمپ نے پہلے ہی سٹیل پر 25 فیصد اور ایلومینیم پر 10 فیصد ٹیرف عائد کر رکھا تھا لیکن بعد میں کینیڈا، میکسیکو اور برازیل جیسے کئی تجارتی شراکت داروں کو ان محصولات سے استثنیٰ دے دیا گیا تھا۔ بعد میں صدر جو بائیڈن نے ان استثنیات کو برطانیہ، جاپان اور یورپی یونین تک بڑھا دیا۔ جس کی وجہ سے  امریکی سٹیل ملوں کی پیداواری صلاحیت میں کمی آئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق  امریکہ کو اسٹیل برآمد کرنے والے سب سے بڑے ممالک میں کینیڈا، برازیل اور میکسیکو شامل ہیں، جبکہ جنوبی کوریا اور ویتنام بھی اس فہرست میں نمایاں ہیں۔ اسی طرح کینیڈا امریکہ کو ایلومینیم فراہم کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جو 2024 کے پہلے 11 مہینوں میں امریکی درآمدات کا 79 فیصد حصہ رکھتا ہے۔