کھیل ہی کھیل میں باپ نے 14 سالہ بیٹی کو قتل کردیا

کھیل ہی کھیل میں باپ نے 14 سالہ بیٹی کو قتل کردیا
کھیل ہی کھیل میں باپ نے 14 سالہ بیٹی کو قتل کردیا
سورس: TikTok

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) برطانیہ میں ایک والد کو اپنی 14 سالہ بیٹی کو چاقو کے وار سے قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا سنا دی گئی۔

ڈیلی سٹار کے مطابق 50 سالہ سائمن وکرز  نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ یہ ایک حادثہ تھا جو کھیل کھیل میں پیش آیا لیکن جیوری نے انہیں قتل کا مرتکب قرار دے دیا۔ یہ افسوسناک واقعہ جولائی 2023 میں ڈارلنگٹن میں پیش آیا۔  سائمن وکرز نے اپنی بیٹی سکارلٹ کے سینے میں 11 سینٹی میٹر گہرا چاقو گھونپ دیا جو سیدھا دل میں جا لگا۔

جب یہ واقعہ پیش آیا تو اس وقت سکارلٹ کی والدہ سارہ ہال بھی  کچن میں موجود تھیں۔ انہوں  نے عدالت میں گواہی دی کہ سائمن وکرز اپنی بیٹی سے بے حد محبت کرتے تھے اور انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتے تھے۔ جیوری نے 13 گھنٹے اور 21 منٹ کی بحث کے بعد 10-2 کی اکثریت سے وکرز کو حادثاتی قتل کی بجائے قتل کا مجرم قرار دیا۔

پراسیکیوشن وکیل مارک میکون کے سی نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ یہ حادثہ نہیں بلکہ قتل تھا۔ ہوم آفس کی ماہرِ پیتھالوجی ڈاکٹر جینیفر بولٹن نے بتایا کہ چاقو جان بوجھ کر ہاتھ میں پکڑا گیا تھا اور طاقت کے ساتھ گھونپا گیا تھا۔

عدالت کو بتایا گیا کہ واقعے کے روز وکرز شراب  اور چرس پی  رہے تھے۔ سکارلٹ کی ماں سارہ ہال اس وقت کچن میں اسپگیٹی بنا رہی تھیں۔سکارلٹ اور اس کے والد انگور پھینک کر ایک دوسرے کے ساتھ مذاق کر رہے تھے۔ سارہ ہال نے مذاق میں چمٹے سے سائمن وکرز کو مارا جس پر وہ شکایت کرنے لگے۔ سکارلٹ نے اپنے والد کو "بزدل" کہا اور اگلے ہی لمحے اس نے "اوہ" کہہ کر درد کا اظہار کیا۔ سارہ ہال نے مڑ کر دیکھا تو بیٹی خون میں لت پت تھی۔

سارہ ہال نے 999 پر کال کر کے کہا کہ وہ  بس مذاق کر رہے تھے اور وکرز نے کچھ پھینکا تھا جس کا اسے اندازہ نہیں تھا۔ وکرز نے پیرا میڈک کو بتایا کہ سکارلٹ نے مذاق میں ان پر جھپٹا مارا تھا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوئی۔ لیکن عدالت میں ثابت ہوا کہ چاقو ایک طاقتور گرفت میں تھا اور  اس کے حادثاتی طور پر گرنے کا امکان نہیں تھا۔

وکرز کا ایک مجرمانہ ریکارڈ بھی سامنے آیا جس کے مطابق انہوں نے 1993 میں 19 سال کی عمر میں ایک شخص کے چہرے پر چاقو مارا تھا اور دو سال قید کی سزا کاٹی تھی۔ سائمن وکرز کو عمر قید کی سزا سنائی گئی جس میں انہیں  کم از کم 15 سال قید کاٹنی ہوگی۔