ناخن دیکھ کر آپ کون کون سی بیماریوں کا پتا لگا سکتے ہیں؟

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن) ناخن صرف جسم کے ایک عام حصے نہیں بلکہ یہ صحت کی مجموعی حالت کی نشاندہی بھی کر سکتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ناخنوں کی رنگت، ساخت اور شکل میں تبدیلیاں بعض اوقات سنگین بیماریوں کی علامت ہوسکتی ہیں۔
بی بی سی کے مطابق ناخن جلد کی ایک توسیع ہیں اور کیراٹن (Keratin) نامی سخت پروٹین سے بنے ہوتے ہیں جو انگلیوں اور پیروں کو چوٹ سے محفوظ رکھتے ہیں۔ ناخن کے نچلے حصے میں ایک ہلکے سفید چاند کی مانند نشان ہوتا ہے جسے "لونولا" (Lunula) کہا جاتا ہے اور یہ ناخن کی نشوونما کا مرکز ہوتا ہے۔ یونیورسٹی آف برسٹل کے نیوروسائنس اور فزیالوجی کے لیکچرر ڈاکٹر ڈین بامگارڈٹ کے مطابق ناخنوں کا بغور معائنہ مختلف بیماریوں کی تشخیص میں مدد دے سکتا ہے۔ ان میں جلدی امراض، گردوں کی بیماریاں، اور آٹو امیون ڈس آرڈر جیسی بیماریاں شامل ہیں۔
ناخنوں کا غیر معمولی موٹاپا اور "کلبنگ"
اگر ناخن اور انگلی کے بیچ کا زاویہ ختم ہو جائے اور ناخن نرم اور پھولے ہوئے لگیں تو یہ "کلبنگ" (Clubbing) کہلاتا ہے، جو جسم میں آکسیجن کی کمی کی نشاندہی کرتا ہے۔ یہ عام طور پر پھیپھڑوں کے سرطان، دل کے امراض، جگر کی بیماریوں اور سیلیک ڈیزیز سے منسلک ہوتا ہے۔
ناخنوں پر سفید دھبے
ناخنوں پر سفید نشانات جنہیں "لیوکونیکیا" (Leukonychia) کہا جاتا ہے ، انہیں عام طور پر کیلشیم یا زنک کی کمی سے جوڑا جاتا ہے لیکن تحقیق میں اس کا کوئی مضبوط ثبوت نہیں ملا۔ یہ زیادہ تر ناخنوں پر دباؤ یا چوٹ کی وجہ سے ہوتے ہیں، جیسے انگلی دروازے میں دب جانے یا بار بار مینیکیور کروانے سے ایسا ہوسکتا ہے۔ تاہم اگر پورا ناخن سفید ہو جائے تو یہ جگر یا گردے کی بیماری، ذیابیطس، یا پروٹین کی شدید کمی کی علامت ہو سکتی ہے۔
نیلے رنگ کے ناخن
اگر ناخن نیلے نظر آئیں تو یہ جسم میں آکسیجن کی شدید کمی کو ظاہر کر سکتے ہیں، جو دل کے امراض یا پھیپھڑوں کے مسائل جیسے ایمفیسیما (Emphysema) کی علامت ہو سکتی ہے۔ یہ صورت حال فوری طور پر طبی معائنے کی متقاضی ہوتی ہے۔
سیاہ لکیریں اور خون جمنا
ناخن کے نیچے سیاہ یا سرخ لکیریں بعض اوقات چوٹ کی علامت ہو سکتی ہیں لیکن اگر یہ بغیر کسی وجہ کے ظاہر ہوں تو یہ "سبنگوئل میلا نوما" یعنی جلد کے سرطان کی ایک نایاب مگر سنگین قسم کی نشاندہی کر سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ ناخن کے نیچے چھوٹے سرخ نشانات جنہیں "سپلنٹر ہیمرج" کہا جاتا ہے، خون کی نالیوں کی سوزش یا دل کے والوز کے انفیکشن کی طرف اشارہ کر سکتے ہیں۔
ناخنوں کی چمچ جیسی شکل
اگر ناخن اندر کی طرف مڑنے لگیں اور چمچ نما (Spoon Nails) نظر آئیں تو یہ آئرن کی کمی کی علامت ہو سکتی ہے، جو خون کی کمی (Anemia) یا سیلیک ڈیزیز (Celiac Disease) سے جڑی ہو سکتی ہے۔
ناخنوں پر افقی لکیریں
اگر ناخنوں پر افقی لکیریں نظر آئیں، جنہیں بیوز لائنز کہا جاتا ہے تو یہ پروٹین کی کمی، ذیابیطس، یا خون کی ناقص گردش کی علامت ہو سکتی ہیں۔
ناخنوں کی نرمی اور خشکی
ٹوٹنے والے اور خشک ناخن عام طور پر تھائیرائیڈ کے مسائل یا وٹامن بی 7 کی کمی کی علامت ہو سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق ایسے کیسز میں غذا اور وٹامنز کا مناسب استعمال ضروری ہے۔
ناخنوں کی چھلنے کی حالت
اگر ناخن پرت در پرت اترنے لگیں تو یہ پانی میں زیادہ دیر رہنے، نیل پالش کے زیادہ استعمال یا ناخنوں کے خشک ہونے کی علامت ہو سکتا ہے۔
ڈاکٹر بامگارڈٹ کے مطابق ناخن جلد کی توسیع ہوتے ہیں اور جلد آپ کے جسم کی اندرونی صحت کا بہت کچھ ظاہر کر سکتی ہے۔ اس لیے ڈاکٹرز مریضوں کا ابتدائی معائنہ اکثر ناخنوں، آنکھوں اور منہ سے شروع کرتے ہیں۔ اگرچہ اکثر ناخنوں میں تبدیلیاں معمولی چوٹ یا عام وجوہات کی بنا پر ہوتی ہیں لیکن اگر ناخنوں میں مستقل طور پر کوئی تبدیلی آئے تو ڈاکٹر سے رجوع کرنا ضروری ہے۔