سابق پاکستانی فاسٹ بولر امریکی کرکٹ ٹیم میں شامل
دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق پاکستانی فاسٹ بولر احسان عادل کو آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کے دوران امریکی کرکٹ ٹیم میں شامل کر لیا گیا ہے۔
آئی سی سی ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی نے انہیں باضابطہ طور پر سکواڈ میں شامل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ احسان عادل کو امریکی فاسٹ بولر جسدیپ سنگھ کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا، جو کندھے کی انجری کا شکار ہو کر ایونٹ سے باہر ہو گئے تھے۔
احسان عادل پاکستان کی جانب سے بین الاقوامی کرکٹ کھیل چکے ہیں اور وہ تین ٹیسٹ اور چھ ون ڈے میچز میں قومی ٹیم کی نمائندگی کر چکے ہیں۔آئی سی سی قوانین کے مطابق کسی بھی کھلاڑی کو ورلڈ کپ سکواڈ میں شامل کرنے کے لیے ایونٹ ٹیکنیکل کمیٹی کی منظوری ضروری ہوتی ہے، جس کے بعد ہی اسے باضابطہ طور پر ٹیم کا حصہ بنایا جاتا ہے۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے مقابلوں میں پاکستان اور امریکا کے درمیان آج کا میچ خاص اہمیت اختیار کر گیا ہے۔ ماضی میں امریکا کی ٹیم کو عالمی کرکٹ میں زیادہ مضبوط نہیں سمجھا جاتا تھا، تاہم 2024 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں امریکا نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر عالمی کرکٹ میں بڑا اپ سیٹ کیا تھا، جس کے بعد امریکی ٹیم کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔
امریکی ٹیم کے حوصلے بلند کرنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں امریکی ٹیم کے لیے کامیابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے ٹیم بہترین کارکردگی دکھائے گی، جس سے کھلاڑیوں کا اعتماد مزید بڑھا ہے۔
کرکٹ ماہرین کے مطابق پاکستان کے خلاف میچ میں امریکی ٹیم بغیر دباؤ کے میدان میں اترے گی، جبکہ پاکستان پر ماضی کے نتائج کی وجہ سے نفسیاتی دباؤ ہو سکتا ہے۔ شائقین کرکٹ اس مقابلے کو گروپ مرحلے کے اہم میچز میں شمار کر رہے ہیں اور دونوں ٹیموں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
