گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور آئندہ چیف منسٹر پیپلز پارٹی کا ہوگا،نیئر حسین بخاری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) گلگت بلتستان سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔
شمولیت اختیار کرنے والوں میں جی بی کے سابق وزیر مشتاق حسین، انکے بھائی ڈاکٹر عاشق، عمران ندیم، ریٹائرڈ ایس پی عبدالحمید، راجہ ناصر، ساجد دانش ودیگر شامل ہیں۔
اس موقع پرسیکریٹری جنرل نئیر بخاری نے پیپلز سیکریٹریٹ اسلام آباد میں شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم پارٹی میں شامل ہونے والوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، پیپلز پارٹی میں شمولیت غیر مشروط ہوتی ہے۔گلگت بلتستان کے آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی اور آئندہ چیف منسٹر پیپلز پارٹی کا ہوگا۔ عوام کی رائے کا احترام کرنا چاہیے، جس کو عوام منتخب کرے اسی کو اقتدار ملنا چاہئے، 2020 کے الیکشن میں مرکزی حکومت پی ٹی آئی کی تھی جس نے براہ راست دھاندلی کی تھی۔پیپلز پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جب اقتدار سنبھالا تو جی بی کے لئے انقلابی کام کئے، اس وجہ سے گلگت کے لوگ آج بھی پیپلز پارٹی سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔
