کراچی:ووٹرزکی تصدیق کا عمل شروع ہو گیا
کراچی ( ما نیٹرنگ ڈیسک ) شہر قائد میں فوج ، پولیس اور رینجرز کی سیکیورٹی میں گھرگھر ووٹرز کی تصدیق کا عمل شروع ہوگیا۔ مقامی میڈیا کے ذرائع کے مطابق انتخابی عملہ تین بارگھر جانے کے بعد تصدیق نہ ہونے پر ووٹ کالعدم قرار دے گا۔ مختلف علاقوں میں ٹیمیں روانہ کردی گئیں ہیں اور الیکشن کمشنر سندھ کے مطابق تصدیقی عملہ تئیس دن بغیر تعطیل تصدیق کا عمل جاری رکھے گا۔ اس دوران آرمی علاقوں میں موجود رہے گی اور رکاوٹ کی صورت میں عملے کی مددکرے گی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ووٹر کی تصدیق ایک بار نہیں ہوتی تو تصدیقی عملہ تین بار اس ووٹر کے گھر جائے گا، تین بارمیں بھی تصدیق نہ ہو نے پر ووٹ کالعدم قرار پائے گا۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے مختلف فارم جاری کئے گئے ہیں۔ فارم الف اندراج ووٹ اور مکمل خاندان کے اندراج جبکہ فارم ب ووٹ کے اخراج اورفارم ج پتہ کی درستگی سے متعلق ہے ۔ ضلع شرقی میں تصدیقی عملے کی تعداد دو ہزار سات سو ترانوے، غربی میں دو ہزار چار سو ساٹھ، جنوبی میں ایک ہزار آٹھ سو تہتر ، وسطی میں دو ہزار سات سو انہتر اور ملیر میں ایک ہزار چار سو پانچ اہلکارکام کریں گے۔