دہشت گرد طاہر القادری پر حملہ کر سکتے ہیں :رحمان ملک

دہشت گرد طاہر القادری پر حملہ کر سکتے ہیں :رحمان ملک
دہشت گرد طاہر القادری پر حملہ کر سکتے ہیں :رحمان ملک

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ طالبان کی دھمکی کے مطابق تحریک منہاج القران کے سربراہ طاہر القادری کی جان کو خطرہ ہے۔ سیکیورٹی کو مدنظر رکھتے ہوئے لانگ مارچ کی اجازت نہیں دے سکتے۔انہوں نے کہا ہے کہ طاہر القادری نے اسلام آباد میں جلسے کے لئے این او سی کی ابھی تک کوئی درخواست نہیں دی ہے۔ جمہوری حکومت غیر آئینی اقدام اور مطالبات تسلیم نہیں کرے گی۔ تبدیلی لانے کے لئے آئینی طریقہ اختیار کیا جائے۔ طاہر القادری لانگ مارچ کے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ میڈیا سے اہم گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی تاجر برادری کو رہائشی علاقوں میں جلسے پر تحفظات ہیں۔ لانگ مارچ سے اسلام اباد کا نظام مفلوج ہو جائے گا۔ بلیو ایریا میں کسی جلسے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ اگر طاہر القادری نے جلسے کے لئے این او سی مانگا تو انھیں اسلام آباد کے رہائشی علاقوں کے باہر اجازت دی جائے گی۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ میں تحریک منہاج القران کے سربراہ طاہر القادری کو خطرات سے آگاہ کرنے گیا تھا۔ طالبان کی دھمکی کے مطابق ان کی جان کو خطرہ ہے۔ اطلاعات کے مطابق دہشتگرد طاہر القادری پر حملہ کر سکتے ہیں۔ میں نے آج لانگ مارچ کی سیکیورٹی سے متعلق پنجاب حکومت سے بات چیت کی ہے۔ پنجاب حکومت لانگ مارچ اور طاہر القادری کی فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اطلاعات کے مطابق طاہر القادری کے کارکن گھر گھر جا کر لانگ مارچ کے لئے لوگوں سے بھتہ مانگ رہے ہیں۔ یہ قانون کی سراسر خلاف ورزی ہے جس کی اجازت نہیں دے سکتے۔ انہوں نے طاہر القادری سے سوال کیا کہ لانگ مارچ میں شرکت کرنے والے زیادہ تر افراد کی تعداد کے طلبہ پر مشتمل ہے۔ اگر دہشتگردوں کے حملے میں کسی کی شہادت ہو گئی تو اس کا ذمہ دار کون ہو گا؟۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے پنجاب سے اسلام آباد تک دہشتگردی کے لئے کچھ مقامات کو پوائنٹ کیا ہوا ہے۔ اگر حکومت کے بار بار کہنے کے باوجود لانگ مارچ کے شرکاء پر کوئی بھی دہشتگرد حملہ ہوا تو اس کا مقدمہ طاہر القادری کے خلاف درج ہو گا۔

مزید :

اسلام آباد -