چوری کی دھوم 3نے 500 کروڑ روپے کا نیا ریکارڈ بنا دیا
ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)یش راج بینر کی فلم ’ دھوم 3‘ نے ہندی سنیما کے گذشتہ تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے زبردست کمائی کی ہے۔ یہ فلم کرسمس سے پہلے 20 دسمبر کو سینما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی اور اب تک بھارت اور دوسرے ممالک میں 500 کروڑ روپے سے زیادہ کا کاروبار کر چکی ہے۔یش راج کے مطابق بھارت میں اس فلم نے اب تک 351.29 کروڑ اور دوسرے ممالک میں 150.06 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے۔واضح رہے کہ اس فلم نے پہلے ہی دن ریکارڈ ساز کمائی کرتے ہوئے 36 کروڑ کا بزنس کیا تھا۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ یہ فلم ہالی ووڈ کی فلم’NOW YOU SEE ME‘ کی کاپی ہے۔یش راج بینر کے تحت بننے والی اس فلم میں عامر خان نے منفی کردار ادا کیا ہے۔ اس میں عامر کے علاوہ قطرینہ کیف، ابھیشک بچن، ادے چوپڑہ بھی ہیں۔فلم بزنس کے ماہرین کے مطابق ’ دھوم 3‘ نے وہ کر دکھایا جو آج تک کوئی بھی ہندی فلم نہیں کر سکی۔فلم ناقد کومل نہاٹا کے مطابق فلم کی بھارت اور بیرون ملک کمائی اور اس کے سیٹلائٹ حقوق کے فروخت سے ہونے والی تمام کمائی کو جوڑ دیا جائے تو اس کے اعداد و شمار پانچ سو کروڑ روپے کو ہندسے کو پار کر جاتے ہیں۔
کومل کہتے ہیں: ’یہ ایسا بنچ مارک (معیار) ہے جس کو پار کرنا دوسری فلموں کے لیے مشکل ہوگا۔ یہ ریکارڈ آسانی سے ٹوٹنے والا نہیں ہے کیونکہ دھوم 3 نہ صرف بھارت میں بلکہ بیرون ملک بھی پرچم گاڑ رہی ہے۔ اس فلم کو یونیورسل بلاک بسٹر کہا جا سکتا ہے۔‘’ دھوم 3‘ تقریباً ڈیڑھ سو کروڑ روپے کی لاگت سے بنی ہے۔ اس لحاظ سے اس فلم سے منسلک ہر شخص، چاہے وہ فلم ساز یش راج بینر ہو یا ڈسٹری بیوٹر، سبھی لوگ منافع میں رہیں گے۔‘